جمعہ, دسمبر 27, 2024

تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ کو تعلیمی سال مکمل ہونے تک بے دخل نہ کیا جائے: قائدین وفاق المدارس العربیہ پاکستان

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین، مولانا انوار الحق، سینئر نائب صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان اور مولانا محمد حنیف جالندھری ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ غیرملکی طلبہ کو تعلیمی سال مکمل ہونے تک پاکستان میں قیام کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دینی مدارس ہوں یا کالجز یونیورسٹیز ایسے طلبہ و طالبات جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کا تعلیمی سال مکمل ہونے سے پہلے انہیں بے دخل نہ کیا جائے-

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے حکومت وقت سے خاص طور پر افغانستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کے حق میں  خصوصی رعایت کرنے کی اپیل کی ہے-

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا ہے کہ دینی مدارس اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ وطن عزیز کے سفیر ہوتے ہیں دیگر ممالک میں ایسے طلبہ کو اسکالر شپ دے کر بلایا جاتا ہے اور ان کی مکمل کفالت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کے ساتھ حسن سلوک اور ہرممکن تعاون کرکے ان کے دل جیتنے ہوں گے تاکہ وہ کل پاکستان کے وکیل اور سفیر ثابت ہوں-

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے کہا قومی پالیسیاں تسلی اور خوب غور و خوض اور سوچ بچار کے ساتھ تشکیل دی جائیں اور عجلت میں کوئی قدم نہ اٹھایا جائے اور پاکستان میں مقیم مہمانوں کو حسن سلوک کے ساتھ الوداع کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں