اتوار, دسمبر 22, 2024

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینکڑوں افراد جمعیت علمائے اسلام میں شامل

کراچی (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما، امیر ضلع کیماڑی قاری محمد عثمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کابیانیہ عوام میں مقبول ہو رہاہے۔ 2018 میں مسلط ہونے والے نااہل ٹولے نے ملک کو 100 سال پیچھے دھکیل دیا۔

کراچی مسائلستان بن چکا ہے۔ جمعیت علماء اسلام نوید انقلاب بن کر عام آدمی کے حقوق کیلئے برسر پیکار ہے۔ جمعیت علماء اسلام ہی ملک کو مہنگائی، لاقانونیت، مشکلات کے بھنور سے نکال سکتی ہے۔ گھٹن اور جبر کے ماحول میں امید و ہمت کا استعارہ جمعیت علماء اسلام پاکستان ہے۔ پوری قوم کی نظریں مولانا فضل الرحمن اور انکی جماعت کی طرف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس 113 کیماڑی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما الطاف خان جدون کی سربراہی میں انکے خاندان کے سینکڑوں افراد کی شمولیت کے موقع پر شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

الطاف جدون کیساتھ شمشاد خان جدون، راج محمدخان جدون، سید ضمیر خان، شاھد قریشی، کاشف سومرو، افسرخان یوسفزئی، فیصل خان جدون، عاصم خان جدون اور خاندان کے سینکڑوں افراد نے جمعیت علماء اسلام میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر سید اکبر شاہ ہاشمی،قاضی فخر الحسن، مولانا محمد بلال اور دیگر بڑی تعداد میں جماعتی رہنما موجود تھے۔

قاری محمد عثمان نے نئے آنے والے ساتھیوں کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن قوم کی امید ہیں۔ مولانافضل الرحمن کی بصیرت اور ہمہ جہت شخصیت کو دیکھتے ہوئے لوگ جوق در جوق جمعیت علماء اسلام میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام اس وقت امید کی کرن ہے۔ ناجائز اور نااہل طبقے کے سامنے اگر کوئی ڈٹا ہے تو وہ جمعیت علماء اسلام ہے۔ آنیوالا وقت جمعیت علماء اسلام کا ہے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ ٹوٹی سڑکوں، ابلتے گٹروں، ناقص انفراسٹرکچر نے شہر کو کھنڈر بنادیا ہے۔ عروس البلاد اب عبرت کدہ بن چکا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 15 سالوں سے مسلط سابقہ صوبائی حکومت اورکراچی انتظامیہ نے شہر کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کراچی کی زبوں حالی کی ذمہ دار سابقہ صوبائی حکومت اور کراچی انتظامیہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئے ساتھی جماعت کو مزید فعال بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ نئے ساتھیوں کے آنے سے جمعیت علماء اسلام کیماڑی میں مضبوط ہوگی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں