کراچی(اسٹاف رپورٹر)انصاف کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور 72خاندان تاحال اپنی زمینوں کے قبضہ سے محروم ہیں ، 28سال سے جدوجہد کررہے ۔
سرکار کے ہر دروازے پر دستک دی تسلیاں دلاسوں کے علاوہ کچھ حاصل نہ ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن آف افیکٹیزآف پلاٹ نمبرRS-1 To RS-72(ایس ٹی- 2)بلاک 10فیڈرل بی ایریا اسکیم 16منصورہ کراچی کے الاٹی جو گزشتہ 28سال سے KDAسے خریدی ہوئی زمینوں کے قبضے کے لیے مسلسل درخواستیں دے رہے ہیں اور اداروں کے دھکے کھا رہے ہیں۔
کوئی ایسا سرکاری ادارہ نہیں ہے جہاں متاثرین نے درخواستیں نہ دی ہوں ، گزشتہ دنوں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری پروفیسر شارق افتخار الدین کی سربراہی میں کے ڈی اے کے ڈائریکٹر لینڈ اشفاق احمد ملاح سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
مذکورہ ملاقات میں پلاٹ کے قبضے کے حصول کے لیے اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا اور تحریری درخواست جو 15نومبر 2023کو وصول کرائی گئی۔
نیز یہ متعدد بار ملاقاتوں اور یاددہائیوں کے باوجود دیرینہ مسئلہ جن میں بیواﺅں ، بزرگوںاور یتیموں کے پلاٹ شامل ہیں جو قانونی طور پر انکا حق ہے مگر 28سال گزرجانے کے باوجود وہ اپنے اس جائز قانونی ، آئینی اور شرعی حق سے محروم ہیں۔
ان کے ساتھ ظالمانہ طرز عمل اختیار کیاگیاجس کے لیے اعلیٰ حکام سے گزارش ہے کہ فوری ازالہ کیاجائے۔