جمعہ, نومبر 22, 2024

شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف راغب کے انتقال پر علما و مشائخ کا اظہار تعزیت

علماء کونسل سندھ کے مرکزی صدر مولانا محمد طاہر ارکانی، مولانا محمد صابر اشرفی، مولانا سعید الحق، مولانا محب اللہ، قاری محمد سعید، مولانا ظفر آزاد نے اپنے مشترکہ بیان میں محدث کبیر، شیخ الحدیث مولانا محمد حنیف راغب کے انتقال کو قومی سانحہ قرار دے دیا۔

انہوں نے کہاکہ مولانا حنیف راغب کا انتقال علمی حلقوں کیلئے بڑا نقصان ہے۔ مولانا حنیف راغب جیسی ہمہ گیر شخصیات کا وجود کہیں صدیوں میں ہو تاہے۔

مولانا مرحوم ایک عظیم مدبر ہی نہیں بلکہ ایک قومی سیاسی رہنما، ممتاز شیخ الحدیث اور رئیس دارالافتا جامعہ دارالسنہ بھی تھے۔ مولانا کا تعلق دنیا میں بد ترین ظلم و ستم اور ریاستی جبر کے شکار میانمار کی روہنگیا برادری سے تھا۔

علمائے کرام نے مزید کہا کہ مولانا حنیف راغب نے روہنگیا برادری کی حریت و آزادی اور باوقار شہری حقوق کے حصول کیلئے بڑی جدو جہد کی اور قید و بند کی صعوبتیں بھی بر داشت کیں۔ مولانا حنیف راغب ممتاز شاعر اور اردو ادب کے ماہر استاد بھی تھے جنکی کلیات راغب شعری مجموعہ کتابی شکل میں ایک شاہکار ہے۔

مولانا مرحوم کے دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہزاروں شاگرد ان کیلئے صدقہ جاریہ ہیں۔ ان علمائے کرام نے کہا کہ مولانا حنیف راغب کی بلندی درجات اور انکے لواحقین سمیت ہزاروں متعلقین و شاگردوں کے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں