ہفتہ, جولائی 27, 2024
ہومپاکستانپاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت شاہراہ قائدین پر عظیم الشان یکجہتی...

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت شاہراہ قائدین پر عظیم الشان یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد

کراچی( )پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت عظیم الشان فلسطین کانفرنس سے سیاسی ، مذہبی و فلسطینی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین دنیا کے امن کے لیے فلیش پوائنٹ ہے۔ اگر فلسطین میں جنگ روکی نہ گئی تو دنیا کا امن تباہ ہوجائے گا۔مسلم ممالک کے اتحاد کا وقت آگیا ہے۔

مسلم سربراہان مملکت زبانی جمع خرچ کی بجائے فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے روکنے کے لیے کردار ادا کریں۔ او آئی سی فلسطینیوں کے لیے قرارداد نہیں عملی کردار ادا کرے۔عالمی برادری اپنے مفادات کی بجائے مظلوموں کا ساتھ دے۔ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔ہم بیت المقدس کی آزادی کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ہم اہل غزہ کے ساتھ ہیں اور ہر مرحلے پران کے شانہ بشانہ رہیں گے۔شاہراہ قائدین پرکانفرنس سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، مرکزی رہنما سیف اللہ خالد، نائب صدر فیصل ندیم، حماس سربراہ خالد مشعل،فلسطینی رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینرسید مصطفی کمال، مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، جامعہ دراسات الاسلامیہ کے مدیر ورکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی یوسف کشمیری، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری یونس بونیری، جمعیت علمائے پاکستان کے جنرل سیکرٹری عقیل انجم، جماعت غربا اہلحدیث کے رہنما مفتی انس مدنی، تحریک اہلحدیث کےصوبائی جنرل سیکرٹری مفتی یوسف قصوری، مرکزی مسلم لیگ سندھ کے رہنما حافظ محمد انور، مسلم وومن لیگ کراچی کی صدر شگفتہ شاہد، ڈاکٹر جہاں آرا ودیگر نے خطاب کیا۔

فلسطین کانفرنس میں حماس وفد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور حماس سربراہ خالد مشعل کے ٹیلیفونک خطاب کےعلاوہ کانفرنس میں موجود حماس نمائندے ڈاکٹر ناجی ظہیرالسرمی نے عربی میں خطاب کیا، جس کا ترجمہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے رکن مفتی یوسف کشمیری نے کیا۔فلسطین کانفرنس میں شہر بھر سے ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ماؤں کے ہمراہ بچوں کی کثیر تعداد بھی مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کانفرنس میں شریک تھی۔ اس موقع پر شرکا نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے زبردست نعرے بازی کی۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ جب سامنے آیا تو مسلم حکمرانوں نے آنکھیں بند رکھیں۔ آج یہ مسئلہ بڑھ گیا ہے۔ اسرائیل بے دردی کے ساتھ مظلوم فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے۔ اسرائیلی مظالم کو روکنے والا کوئی نہیں ہے۔صرف فلسطینی ہی اسرائیل سے لڑ رہے ہیں۔ فلسطین کی سرزمین پر دو نہیں صرف ایک ریاست ہے جس کا نام فلسطین ہے۔ اسرائیل قابض ریاست ہے۔ اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔اگر فلسطین کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو یہ دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ ہوگا۔ فلسطین کی جنگ پوری دنیا میں پھیل جائے گی۔ دنیا کا امن مسئلہ فلسطین سے وابستہ ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما سیف اللہ خالد نے کہا کہ اہل کراچی نے ثابت کردیا ہے کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قبلہ اول کی آزادی کے لیے مسلمانوں نے کل بھی قربانیاں دی تھیں اور آج بھی دے رہے ہیں۔ پاکستان کی بنیاد لاالہ الااللہ ہے، یہ کلمہ پوری امت مسلمہ کا کلمہ ہے۔ قبلہ اول کا مسئلہ صرف فلسطینیوں کا نہیں ساری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ہم یہ عزم کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ مسلم ممالک کے اتحاد کا مرحلہ آگیا ہے۔ہم مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں فلسطینیوں کا سہارا بن جائیں اور اسرائیل کو مظالم سے روکنے کے لیے کردار ادا کریں۔ عالمی برادری کو بھی کہنا چاہتا ہوں کہ حق اورمظلوم کا ساتھ دے۔

حماس سربراہ خالد مشعل نے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں کانفرنس کے انعقاد پر ہم آپ کے مشکور ہیں۔اس وقت امریکا کھل کر اسرائیل کا ساتھ دے رہا ہے۔ 7اکتوبر کے بعد غزہ میں اسرائیل نے بے دردی کے ساتھ شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ اہل غزہ اس وقت مکمل طور پر محصور ہیں۔ ہمیں خوشی ہیں کہ اہل پاکستان اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمارا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔ حماس کے نمائندہ خصوصی ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کا بے دردی سےخون بہا رہا ہے۔

فلسطینی کسی صورت کمزوری نہیں دکھائیں گے۔ہم ہر طرح کی قربانی پیش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ جنگ امت مسلمہ کی جنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین مقدس سرزمین ہے، اس کی بنیاد نبیوں نے رکھی تھی۔ مسجد اقصیٰ دنیا کی ساری مسجدوں کی سردار ہے۔ہم اس مقدس مقام کے تحفظ سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وہ دن دور نہیں جب یہودیوں کو پناہ کے لیے جگہ نہیں ملے گی۔انہوں نے پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری شہادتوں پر کسی صورت پریشان نہ ہو، ہم نے موت پر بیعت کر رکھی ہے۔ انہوں نے کراچی میں عظیم الشان یکجہتی فلسطین کانفرنس پر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ اہل پاکستان ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر مصطفی کمال نے کہا کہ فلسطینی اپنے امتحان میں کامیاب ہوگئے۔ اب میرا اور آپ کا امتحان ہے۔ فلسطین اور بیت المقدس کا مسئلہ کسی تنظیم یا ملک کا نہیں ہے۔ یہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ ہمیں اپنی فکر کرنی ہے کہ اس آزمائش میں ہم نے کیسے کامیاب ہونا ہے۔جسم کے کسی حصے کو تکلیف پہنچے تو پورا جسم بے چین ہوجاتا ہے۔ ہم مسلمان ہونے کے ناطے فلسطینیوں کے لیے کیا کردار ادا کررہے ہیں۔

اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ہم سب کو اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔جامعہ دراسات الاسلامیہ کے مدیر ورکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی یوسف کشمیری نے کہا کہ آج ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں۔اسرائیل مساجد، ہسپتالوں اور اسکولوں پر بمباری کر رہا ہے۔اسرائیل اپنے گریٹر اسرائیل کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔آج مسلمانوں کی یہ حالت نااتفاقی کی وجہ سے ہے۔مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ اہلیان کراچی نے آج عظیم الشان مظاہرہ کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔

اہل غزہ اپنی جانوں کی قربانی دےکربیت المقدس کی حفاظت کر رہے ہیں۔آج فلسطینی اپنے بچوں کو دفنا رہے ہیں جبکہ 58 اسلامی ممالک کے سربراہان صرف بیان بازی کر رہے ہیں۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اپنے غزہ کے بھائیوں کو پیغام دیتی ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں