لاہور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سکینڈری ایجوکیشن لاہور ( Bise Lahore Board ) میں ڈیلی ویجر ملازمین( معاونین) تنخواہوں سے محروم،معاشی مشکلات کا شکار کمزور طبقے کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے۔ 30 ہزار ماہانہ اجرت پر ملازم260 کے قریب ملازمین شدید معاشی مشکلات کا شکار ہوگئے۔
ٹھیکےدار بورڈ سے 47 ہزار فی ملازم وصول کرنے کے باوجود ملازمین کو بروقت تنخواہیں دینے سے گریزاں،کم وبیش تین ماہ کے معاہدے کے دوران ٹھیکےدار نےبورڈ کے ساتھ معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں کرنےکاانکشاف.
تفصیلات کےمطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ وسیکنڈری ایجوکیشن لاہور گذشتہ کچھ ماہ سے ٹھیکداری نظام پر شفٹ کر گیا ہے۔ پہلے بورڈ نے ذاتی طور پر ڈیلی ویجر معاونین بھرتی کیے ہوئے تھے جن کے ذمے امتحانات ، پرچوں کےانعقاداور چیکنگ کےدوران معاونت اور بورڈ کے دیگر کام تھے تاہم کچھ ماہ قبل یہ معاونین نجی کمپنی یا ٹھیکدار کے ذریعے رکھ لیے گئے، نجی کمپنی ایڈن کیانی بورڈ سے فی ملازمعاون47 ہزار ماہانہ وصول کرتی ہے جبکہ معاون کو 30 ہزار فی کس دیے جاتے ہیں ۔
کمپنی کے ذمے ہر ماہ کی 10 تاریخ سے قبل بورڈ معاونین کو معاوضہ ادا کرنا لازم ہے تاہم صرف تین ماہ کے دوران ہی ٹھیکدار نے بورڈ کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی سنگین خلاف ورزیاں شروع کر دی ہیں۔ جس پر ملازم اور انتظامیہ دونوں پریشان ہیں ۔ تاحال بورڈ معاونین کو ماہانہ تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔
اس بارے میں سیکرٹری تعلیمی بورڈ لاہور بشری بی بی نے کہا ہے کہ مذکورہ کمپنی کو اس حوالےسے تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا گیاہے ۔