اتوار, ستمبر 15, 2024

پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق علی کے جذبے کو سلام

تحریر: ڈاکٹر فیاض عالم

جامعہ کراچی سے وابستہ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق علی 85 سال کی عمر میں بھی اپنے ڈرائیور کے ساتھ جامعہ کراچی آتی ہیں- گزشتہ کئی سالوں سے بلامعاوضہ اپنے شاگردوں کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کروارہی ہیں-

جامعہ کراچی کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری میں پڑھایا کرتی تھیں پھر اس وقت کے وائس چانسلر ڈاکٹر ترمزی صاحب کو قائل کرکے فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا شعبہ قائم کروایا جو اب تک اس شعبے کو سیکڑوں ماہرین دے چکا ہے-

ڈاکٹر راشدہ کے شوہر ڈاکٹر ارتفاق علی (مرحوم) بھی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر تھے- اور باٹنی کے پروفیسر تھے-

ان کا تعلق ہندوستان کے شہر کانپور سے ہے لیکن والد محترم نے انہیں اعلی تعلیم کے لئے علی گڑھ بھیجا جہاں وہ ہاسٹل میں رہیں اور 1953 میں آرگینک کیمسٹری میں ماسٹرز کیا- ارتفاق علی صاحب ان کے عزیز تھے، وہ پاکستان سے ہندوستان گئے اور شادی کرکے اپنی اہلیہ کو پاکستان لے آئے- میڈم نے جس دور میں آرگینک کیمسٹری پڑھی اس وقت شائد ہی کوئ طالبہ اس شعبے کی طرف آنا چاہتی ہو!

راقم نے دوران ملاقات ان سے سوال کیا کہ فوڈ سائنس کے شعبے کے قیام کا خیال کیوں آیا تو انہوں نے فرمایا کہ ہم دنیا میں جس بڑی جامعہ میں بھی جاتے تھے، وہاں فوڈ سائنس کا بہت بڑا شعبہ دیکھتے تھے، جسے انڈسٹری کی بہت معاونت حاصل ہوا کرتی تھی- یہاں لوگ سمجھتے تھے کہ اس شعبے کا مطلب شائد کھانا پکانا سکھانا ہوگا!

ڈاکٹر ترمذی صاحب اس مجوزہ شعبے کی اہمیت کے قائل ہوگئے اور جب شعبہ باقاعدہ قائم ہوگیا تو چند ہی سالوں میں اس قدر اہمیت حاصل ہوگئ کہ اب فارمیسی کے بعد اس میں سب سے زیادہ میرٹ پر داخلہ ملتا ہے-
میں نے ان کے چہیتے شاگرد ابن الحسن ہاشمی کا سلام پہنچایا تو فرمایا کہ "میں اسے سیاست میں حصہ لینے سے روکتی تھی لیکن بہت ذہین تھا اور پڑھائ میں سب سے آگے، اس لئے ہمارا چہیتا بھی تھا-"

اپنے ہونہار شاگرد کا ذکر کرتے ہوئے میڈم کی آنکھوں میں چمک پیداہوگئ!

میں نے پوچھا کہ میڈم، اس عمر میں بھی جامعہ آکر پڑھانا، جب کہ آپ کو تو ریٹائر ہوئے کئ سال ہوچکے ہیں!
انہوں نے فرمایا کہ ” استاد بھی کبھی ریٹائر ہوتے ہیں؟”

جی چاہا کہ میڈم کو کھڑے ہوکر دونوں ہاتھوں سے سیلیوٹ کیا جائے!

جامعہ کراچی میں شجرکاری کے بارے میں بات ہوئ تو کہنے لگیں کہ کئ کمپنیوں میرے شاگرد اچھے عہدوں پر ہیں، میں ان سب سے بات کروں گی اور ہم سب مل کر جامعہ کو مزہد ہرا بھرا کردیں گے، ان شاء اللہ

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں