اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے 2008ء میں آخری موقع ختم ہونے والے انٹر کے امیدواروں کو امتحانات میں شرکت کے لئے مزید مواقع دینے کے فیصلے کی روشنی میں کامرس ریگولر گروپ کے ایسے امیدواروں کو خصوصی فیس کے ساتھ ضمنی امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے جو اسپیشل چانس کے تحت سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شریک ہوئے مگر ناکام رہے۔
ایسے تمام امیدوار اپنے امتحانی فارم 6 ہزار روپے امتحانی فیس کے ساتھ اپنے امتحانی فارم17گریڈ کے گورنمنٹ افسر سے ضروری تصدیق کے بعد بروز بدھ 22 نومبر سے بروز بدھ 13 دسمبر 2023ء تک بورڈ آفس کی لائبریری میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم کی فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کرواسکتے، طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کی انکوائری میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کرلی جائے گی۔
طلباء امتحانی فارم، اسپیشل چانس کا پروفارما اور فیس واؤچر بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek@edu.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
انٹربورڈ نے ایسے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے امتحانی فارمز کے ساتھ پروفارما آف آئی ٹی سیکشن، انٹرمیڈیٹ کی اوریجنل مارکس شیٹ، جس سال آخری موقع ختم ہوا اس کے ایڈمٹ کارڈ کی فوٹو کاپی، انرولمنٹ / رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ اور مارکس شیٹ کی فوٹو کاپی لگانا ضروری ہے۔