جمعہ, جولائی 26, 2024
ہومتازہ ترینہم دشمن سے 50 فیصد آگاہ نہیں اور 100 فیصد مقابلہ کرنا...

ہم دشمن سے 50 فیصد آگاہ نہیں اور 100 فیصد مقابلہ کرنا ہے

تحریر:اسمٰعیل بدایونی

آج دی مارک اسکول میں ایجوکیشن کانفرنس تھی ،ہمارے ہاں اسکول ایجوکیشن میں اب ثقافت کے نام پر جو بے حیائی رائج ہو چکی ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ایک ایسے ما حول میں ’’ فلسطین کی مخدوش صورتِ حال میں بحیثیت مسلمان ہماری اولین ذمہ داری اپنی کوتاہیوں کا ادراک اور ان کا تدارک‘‘ جیسا عنوان رکھنا قابل تحسین بھی ہے اور قابلِ تقلید بھی ۔ ڈاکٹر ثاقب محمد خان صاحب مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اس موضوع پر کانفرنس رکھی آج کی اس کانفرنس میں میری تقریر نہیں ہے بلکہ بحیثیتِ طالب ِعلم دعوتِ فکر پر مبنی سوالات ہیں یہ سوالات میں آپ کے سامنے بھی رکھ رہا ہوں ۔

یہ غالباً2018 کی بات ہے سوشل میڈیا پر ایک تصویر ہماری نگاہ سے گزرتی ہے جس میں چند یہودی نوجوانوں نے ایک پلے کارڈ اٹھایا ہو ا تھا جس پر لکھا ہوا تھا ۔

خیبر واز یور لاسٹ چانس(’’خیبر تمہارا آخری موقع تھا ۔)

ان چند سوالات پر اوراپنی کوتاہیوں پر نگاہ ڈالیے ، کیونکہ اپنی غلطیوں کا احساس بھی ذمہ دار لوگ کرتے ہیں ۔

1) معرکہ ٔخیبر کیا تھا ؟ معلوم کیجیے خود سے اور اپنے بچوں سے ‘‘ جو جواب آپ کو ملے خود کو کٹہرے میں رکھ کر اپنے اوپر خود ہی فردِ جرم عائد کیجیے ۔

2) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے سچی کتاب نے یہود سے متعلق کیا فرمایا؟اگر نہیں تو افسوس کیجیے کہ آپ علمی شکست کھا چکے ہیں ۔

3) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں قومِ یہود نے موسیٰ علیہ السلام اور ان کے بھائی سیدنا ہارون علیہ السلام کے ساتھ کیا سلوک کیا ؟اگر نہیں تو جان لیجیے آپ اور آپ کے بچے تو یہودیوں کی بنیادی تاریخ سے بھی آگاہ نہیں ۔کسی قوم سے مقابلے کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ اس کی تاریخ سے آگاہی ہو ۔

4) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتےہیں کہ توریت میں پیغمبرِ اسلام ﷺ سے متعلق کون کون سی بشارتیں موجود تھیں اور بد ترین تحریف کے باوجود آج بھی کون سی موجود ہیں ؟ اگر نہیں تو اپنی کوتاہیوں میں ایک کوتاہی یہ بھی شامل کر لیجیے ۔

5) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود پیغمبرِ اسلام ﷺ کی آمد سے قبل نبی کریم ﷺ کے وسیلے سے دعا بھی مانگا کرتے تھے؟

6) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ پیغمبرِ اسلام جب ہجرت فرما کر مدینے پہنچے تو یہودیوں نے آپ ﷺکے ساتھ کیا سلوک کیا؟ اگر نہیں تو خود کو آئینے میں دیکھیے اور پوچھیے کیا آپ فلسطین کے مظلوم وغیور مسلمانوں کا مقدمہ لڑنے کے اہل ہیں؟کیا آپ ان کا مقدمہ درست انداز میں لڑ سکیں گے ؟

7) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود نبی کریم ﷺ کی توہین کرتے اور اسے اپنا مشغلہ بنایا ہو ا تھا؟

8) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہودیوں نے پیغمبرِاسلام ﷺ کو بھی شہید کرنے کی کوشش کی اور پھر اس ناکامی کے بعد یہود کس سزا کے مستحق قرار پائے ؟

9) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ جب مدینے کے اوس و خزرج نے اسلام قبول کر لیا تو ان دونوں قبیلوں کو آپس میں لڑانے کے لیے یہود نے کیا کوششیں کیں ؟ اگر نہیں تو پھر کیوں کر آپ اور آپ کی نسلِ نو خود کو لسانی اور فرقہ وارانہ فسادات سے محفوظ رکھ سکے گی ؟

10) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود کے قبیلے بنو قینقاع نے مسلمان عورت کو بے ستر کیا تواس کا انجام کیا ہوا؟ یہ مسلمان و یہود کی تاریخ سے ناواقفیت کی وجہ تھی کہ آج امت کی بیٹیاں ، فیشن کے نام پر بے حجاب ہو رہی ہیں ۔

11) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود نے مشرکین سے اتحاد قائم کرکے مدینے پر چڑھائی کی ؟

12) کیا آپ اور آپ کے بچےجانتے ہیں کہ یہود کے قبیلے بنو قریظہ نے غزوۂ احزاب کے موقع پر مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کا کیا منصوبہ بنایا تھا؟اگر نہیں تو جان لیجیے کہ آپ دشمن اور اس کے عزائم سے کبھی واقف ہی نہیں رہے ۔

13) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود نے عہد ِ رسالت میں تبلیغِ اسلام کے راستے کو روکنے کے لیے ، اسلام میں فوج در فوج داخل ہونے والوں کو روکنے کے لیے کیا منصوبہ بندی کی ۔

جو قوم بھلا دیتی ہے تاریخ کو اپنی

اس قوم کا جغرافیہ باقی نہیں رہتا

14) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں اللہ تعالیٰ نے اس قوم کو کیا کیا نعمتیں عطا کیں اور یہ کس قدر نا شکری قوم تھی ؟ اور آج ہمارا حال کیا ہے ؟

15) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ ان کے کرتوت و جرائم کیا تھے اور اس کا انجام کیا ہوا؟اور آج ہماری قوم کسی دور سے گزررہی ہے ؟

16) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود توریت میں تبدیلی کر دیا کرتے تھے؟

17) کیا آپ اور آپ کے بچے یہودی منافقین کے بارے میں جانتے ہیں ؟

18) کیا آپ اور آپ کے بچے اسلام قبول کرنے والے یہودی علماء اور یہود کے بارے میں جانتے ہیں ؟

19) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ یہود نے اسلام و پیغمبرِ اسلام ﷺ پر کیا اعتراضات کیے اور اللہ و رسول ﷺ نے ان کے کیا جوابات دئیے ؟

20) کیا آپ اور آپ کے بچے جانتے ہیں کہ غزوات میں مسلمانوں کی شہادتوں پر مدینے کے یہود کا کیا ردِ عمل ہوتا تھا؟

21) کیا آپ اور آپ کے بچے یہ جانتے ہیں کہ جو مسلمان سخاوت کے ساتھ مال خرچ کرتے اور جو مکمل محنت مزدوری کرکے اسلام کے لیے مال خرچ کرتے ان کے بارے میں یہود کیا کہا کرتے تھے ؟

’’آپ اور آپ کے بچے یہودیوں سے متعلق 50 فیصد بھی نہیں جانتے ان سے 100 فیصد مقابلہ کیسے کریں گے ؟‘‘

احبابِ من! قرآن کریم نے اقوامِ عالم میں سے سب سے زیادہ جس قوم کے کرتوتوں اور جرائم کا ذکر کیا ہے وہ قومِ یہود ہے یہ ذکر اس لیے نہیں ہے کہ ان کے کرتوتوں اور جرائم کی خبر دینا ہے بلکہ یہ آگاہ کرنا اس لیے ہے کہ امت ان امراض کا شکار نہ ہو جائے ،امت، یہود کی مکاریوں اور عیاریوں سے بھی واقف ہو سکے ۔

آخر میں آپ سب کو ایک دعوت آج سوشل میڈیا کا دور ہے ا لحمد للہ ! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہم نے ان تمام سوالات کے جوابات اپنی سنہری سیریز (سنہری تفسیر قرآن ، سنہری فہم القرآن ۔۔۔)میں دے دئیے ہیں آپ کو عام اجازت ہے اس پر وڈیوز بنائیے اپنی ، اپنے بچوں کی اور جس طرح چاہیں اس کی تبلیغ کے لیے اس کونٹینٹ کو استعمال کریں اس کی آپ کو عام اجازت ہے ۔وڈیوز بنائیے ،گھر میں پروگرام رکھیے ، اسکول میں پروگرام بنائیے جس طرح ممکن ہے اب اپنی اس ذمہ داری کو ادا کیجیے ۔

ہم نے صرف تعلیمی ونصابی کوتاہیوں کا ذکر کیا ہے ابھی عسکری ، سماجی ، سیاسی ، معاشی اور مذہبی کوتاہیوں کا تو ذکر ہی نہیں کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں