جمعہ, اپریل 19, 2024
ہومتازہ تریننگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا بحالی مرکز برائے سینیئر...

نگراں وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز کا بحالی مرکز برائے سینیئر سیٹیزن ضلع وسطی کا دورہ

کراچی: نگراں وزیر صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سماجی بہبود و دیہی ترقی سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے بحالی مرکز برائے سینیئر سیٹیزن ضلع وسطی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر سیکریٹری محکمہ سماجی بہبود ساجد جمال ابڑو و ڈائریکٹر جنرل نثار شیخ بھی نگراں وزیر کے ہمراہ تھے۔ بحالی مرکز پہنچنے پر متعلقہ افسران نے نگراں وزیر ڈاکٹر سعد خالد نیاز کو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی۔

انھوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کی عمارت تین منزلہ ہے جس میں 50 افراد کی گنجائش ہے جہاں مقیم بزرگوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے تاہم لفٹ کی تنصیب سمیت دیگر رہ جانے والے کام ایک ماہ میں مکمل ہوجائیں گے جس کے فوری بعد عمارت محکمہ کے سپرد کردی جائے گی۔

نگراں وزیر ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے بحالی مرکز میں باقاعدہ کچن و لفٹ کا منظم انتظام یقینی بنانے، پانی کی ٹینکی، نلکے، کچن میں وینٹیلیشن اور نکاسی کے عمل کو درست کرنے سمیت عمارت میں کھڑکیوں اور تمام کھلی جگہوں کو مچھر دانیوں سے ڈھانپنے کی ہدایت کی۔

دریں اثناء ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے 50بیڈڈ اسپتال 5- ڈی لال مارکیٹ، 50 بیڈڈ اسپتال 5-جی کالی مارکیٹ، کمیونٹی ویلفیئر کلینک کے بھی دورے کیے اور اسپتالوں کی مخدوش حالت، عملے کی کمی اور طبی سہولیات کے فقدان پر افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی کا بھی دورہ کیا اور اسپتال کے ایمرجنسی، کارڈیو، آئ سی یو اور پیڈز وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ و اے ایم ایس نے نگراں وزیر صحت سندھ کو اسپتال میں سی ٹی اسکین، بلڈ بینک کی سہولیات اور ضروری لیبارٹری ٹیسٹوں کی عدم دستیابی سے متعلق آگاہ کیا۔ اسپتال انتظامیہ نے کے الیکٹرک انتظامیہ کے عدم تعاون کی شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ڈائیلاسز، آپریشن تھیٹر، آئی سی یو، ایکسرے و دیگر طبی سہولیات متاثر ہورہے ہیں جس سے متعلق کے ای کو متعدد بار آگاہ کر چکے ہیں لیکن کے ای انتظامیہ معاملے کے حل کے لیے کوشاں نہیں ہے۔

ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے بجلی کی غیر اعلانیہ و اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق کے ای کی انتظامیہ سے بات کرنے کی یقین دہانی کروائی اور ضروری لیبارٹری ٹیسٹوں کے لیے سول اسپتال کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، دستیاب وسائل ناکافی ضرور ہیں تاہم اسپتالوں میں طبی سہولیات کی معیاری فراہمی کی کوشش کررہے ہیں، ہم اپنے اسپتالوں کی حالت درست بنائیں گے اور ہر طرح کی جواب طلبی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں