اتوار, دسمبر 22, 2024

اسکاؤٹس معاشرے میں پھیلی منفی سوچ کو ختم کرسکتے ہیں: برگیڈئیر حارث نواز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر داخلہ برگیڈئیر حارث نواز نے کہا ہے کہ اسکاؤٹس معاشرے میں پھیلی منفی سوچ کو ختم کرسکتے ہیں کیونکہ یہ نوجوان تربیت یافتہ اور باکردار شہری ہوتےہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر منعقدہ پہلی سندھ اسکاؤٹس کلچرل کیمپوری کی تقریب تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سینئر نائب صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز ، ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین رند ، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر ، کراچی کیمونٹی پولیسنگ کے چیف مراد سوہنی ، کیمپوری سیکریٹری محمد حسین مرزا اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں ترکیہ کی ریسکیو ٹیم نے سندھ کے 56اسکاؤٹس کو ریسکیو کی عالمی سطح کی تربیت فراہم کی ہےجو بڑے اعزاز کی بات ہے کہ سندھ میں عالمی سطح کی اسکاؤٹس کی ریسکیو ٹیم تیار کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سندھ بوائے اسکاؤٹ ایسوسی ایشن اپنی بساط سے بڑھ کر صوبے میں سید ممتاز علی شاہ ، محمد صدیق میمن ، جسٹس (ر) حسن فیروزاور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر صاحب کی قیادت میں کام کررہی ہے سندھ حکومت اسکاؤٹس کی ہمیشہ سرپرستی کرتی رہے گی ۔

تقریب سے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے جسٹس (ر) حسن فیروز کا کہنا تھا کہ سندھ اسکاؤٹس کلچرل کیمپوری پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اسکاؤٹس اجتماع ہے جس میں نہ صرف اسکاؤٹنگ کلچرل بلکہ صوبے کی ثقافت کو بھی یکجا کیا گیا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے ہر ضلع میں اسکاؤٹس کی ریسکیو ٹیمیں موجود ہیں جو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں تقریب سے صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے کیمپوری گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ محمد کامران خان ٹیسوری ، وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر)مقبول باقر ،صوبائی کمشنر و سابق چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ ، چیف پیٹرن محمد صدیق میمن ، جسٹس (ر) حسن فیروز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران ، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس سیکریٹرز ، کیمپوری انتظامیہ اور شرکاء کیمپوری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیابی سے ہمکنار کروایا ۔

واضح رہے کہ مہمان خصوصی نے آمد کے بعد گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر پودا لگایا اور بعد ازاں کیمپوری کے تینوں سب کیمپوں کا دورہ کیا جبکہ مہمان خصوصی کی آمد پر انہیں اسکاؤٹس نے گارڈ آف آنر اور ٹیبلوز پیش کئے ۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر داخلہ برگیڈئیر حارث نواز اور ایڈیشنل آئی جی سندھ خادم حسین رند ، مراد سوہنی کو سندھ کی روایتی اجرک کا تحفہ اور کیمپوری کا سووئینر پیش کیا گیا ۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں