Home تازہ ترین کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیمی کام کو تیز کردیں: سینئر...

کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیمی کام کو تیز کردیں: سینئر مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری

0
51

کراچی ( ) پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد اور تنظیمی کام کو تیز کردیں، دھونسی، دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہیں، اپنے شہید قائدین کے مشن پر چلتے رہیں گے اہلسنت کے اتحاد کیلئے علماء کرام سے رابطے تیز کئے جائیں دین اسلام کی سربلندی اور ملکی سلامتی کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے.

پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اس قلعے کو کسی طور بھی کمزور ہونے نہیں دیں گے، بانیان پاکستان کی اولاد ہیں پاکستان کی سلامتی کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ہوجائے تو دنیا میں استعحکام اور پائیدار امن قائم ہوجائے گا فلسطین اور کشمیر میں مسلم نسل کشی کا سلسلہ اسرائیل اور بھارت بند کردیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر ڈسٹرکٹ کنوینر، ڈسٹرکٹ کمیٹی، سیکٹر کنوینر، سیکٹر کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، محمد آفتاب قادری، ظہیر الحسن قادری، کراچی امیر غلام مرتضیٰ قادری، کراچی رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد عارف منصوری، فرقان قادری، انور سجاد قادری و دیگر موجود تھے.

شاہد غوری کا کہنا تھا کہ کارکنان یکسوئی اور یکجہتی کے ساتھ تنظیم کے کاموں کو اوڑھنا بچھونا بنالیں، مخالفین کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے شہید قائدین کے مشن کی تکمیل کیلئے کام کریں.

پاکستان سنی تحریک ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی، تحفظ ناموس رسالت، تحفظ عظمت صحابہ و اہل بیت اطہار،تحفظ مزارات، تحفظ مساجد اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، کارکنان کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں مرکز اہلسنت سے رابطے میں رہیں، انشاء اللہ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی کی قیادت میں اہلسنت کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔