سینئر صحافی شمس کیریو کی جانب سے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی منتخب باڈی کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں ایک تقریب تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران ، سیکریٹری ارمان صابر ، سینئر صحافی مقصود یوسفی ، نواب قریشی ، حبیب غوری سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شمس کیریو کا کہنا تھا کہ کرائم رپورٹرز کسی بھی چینل یا اخبار میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ سی آر اے کا کردار قابل تحسین ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امتیاز خان فاران اور ارمان صابر کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب سی آر اے کے ساتھ ہے ، ورکشاپس ہوں یا کوئی اور تقریب پریس کلب کے دروازے کرائم رپورٹرز کیلئے کھلے ہوئے ہیں ۔ سینئر صحافی مقصود یوسفی اور حبیب غوری نے بھی سی آر اے کی کاوشوں کو سراہا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سی آر اے سمیر قریشی کا کہنا تھا کہ کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن ممبران کی خدمت میں مصروف ہے اور جلد مختلف عنوانوں سے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس موقع پر سیکریٹری سی آر اے طٰہ عبیدی کا کہنا تھا کہ کرائم رپورٹرز نے ہر مشکل وقت میں صحافیوں کی مدد کی ہے ، ہر محاذ پر کرائم رپورٹرز سب سے آگے رہے ہیں لیکن افسوس ہے کہ کرائم رپورٹرز کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے ، کراچی پریس کلب کی ممبر شپ میں بھی سی آر اے کے ممبران کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔