پیر, دسمبر 23, 2024

پاکستان کے پہلا ’ہمدرد ریجی مینٹل تھراپی سینٹر اینڈ مطب‘ کا افتتاح کر دیا گیا

کراچی (پ ر)ادارہ ٔ ہمدرد نے اپنی طبی سہولیات کے نیٹ ورک کو مزید فعال کرنے اور زیادہ سے زیادہ ہم وطنوں کوارزاں و آزمودہ طریق علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پی سی ایچ ایس بلاک ۲شارع قائدین ، نزد شارع فیصل پر پاکستان کا پہلا’ہمدرد ریجی مینٹل تھراپی سینٹر اینڈ مطب‘قائم کیا ہے،جس کا باضابطہ افتتاح گزشتہ روز ہمدرد پاکستان کی چیئر پرسن محترمہ سعدیہ راشد نے بہ طور مہمان خصوصی فیتہ کاٹ کر کیا۔

اس موقع پر اُنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آج ادارہ ہمدرد کی طبی خدمات اور سہولیات کا دائرہ مزید وسیع ہوا ہے۔ملک کے ۳۱ شہروں میں موجود ۳۵ ہمدرد مطب کے فعال نیٹ ورک میں ایک نئے جدید ڈیجیٹل مطب کا اضافہ خوش آیند بھی ہے اور وقت کی اہم ضرورت بھی۔ کیوں کہ بہ طور قوم ہمارے صحتی اور طبی مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ علاج معالجے کی سہولیات ناکافی ہیں۔

ایک عرصہ سے ڈیفنس کلفٹن پی سی ایچ ایس اور محمود آباد کے رہائشی خواہش مند تھے کہ ان کے طبی مسائل کے لیے ایک مطب ان کے قریب بھی موجود ہو۔ شارع فیصل تو اب شہر کراچی کا قلب تصور کی جاتی ہے۔ اس شارع کے سنگم پر موجود ڈیجیٹل مطب یقینا یہاں کی مقامی آبادی کے لیے سہل مقام ثابت ہوگا۔اس نئے مطب میں جدید کمپیوٹرائزڈسسٹم موجود ہے جس میں مرضا کی طبی ہسٹری محفوظ ہوگی۔

مریض کو اپنا نسخہ لینے کے لیے دوبارہ آنے کی ضرورت نہیں کیوں کہ ان کا نسخہ ریکارڈ میں موجود ہوگا، جسے وہ سہل انداز میں گھر بیٹھے آرڈر بھی کرسکیں گے۔ اس نئے ڈیجیٹل مطب کی منفرد خصوصیت یہاں حجامہ سروس کا ہونا ہے، جس کے لیے ادارے نے تربیت یافتہ اور تجربہ کار عملہ تعینات کیا ہے۔

ہمدرد کلینکل سائنسز ڈویژن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان صاحب نے کہاکہ ہمدرد پاکستان کے زیر انتظام مطبوں کو جس تزین و آرائش سے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، یہ کاوشیں یقیناً قابل دید بھی ہیں اور قابل تشکربھی۔ شہید پاکستان حکیم محمد سعید کی فکر انگیز جدوجہد کی بدولت عوام الناس میں طب یونانی کے حوالے سے اعتماد بحال ہوا ہے۔

یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ ہمیں اسی تسلسل کو قائم رکھنا ہے اور مریضوں کی داد رسی کرنی ہے۔ ہمدرد کا یہ ریجی مینٹل تھراپی سینٹر ہمدرد پاکستان کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔

تقریب میںہمدرد پاکستان کے سینئر متولی ڈاکٹر نوید الظفر، ہمدرد کی منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد، ڈائریکٹر جنرل ہمدرد فائونڈیشن پاکستان فرخ امداد ، وائس چانسلر ہمدرد یونی ورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن ،تاج میڈیکل ہمدرد یونی ورسٹی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو بریگیڈیر(ر)ڈاکٹر ریاض الحق، فیکلٹی اوف ایسٹرن میڈیسن کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر احسانہ ڈار فاروق ، لاہور سے تشریف لائے ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید علی بخاری اور ہمدرد پاکستان کے ڈائریکٹران اور ڈپٹی ڈائریکٹران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے محبان ہمدرد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہمدرد پاکستان کی ماحول دوست روایت کے مطابق طبی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر محترمہ سعدیہ راشد اور دیگر معزز مہمانوں نے پودے بھی لگائے۔  ہمدرد ریجی مینٹل تھراپی سینٹر کو تمام تر جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، جہاں صبح ۹ بجے سے شام ۸ بجے تک ماہر و تجربہ کار اطباء اکرام اور طبیبائیں موجود ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں