Home بلاگ پاکستان نے ہاکی کا پہلا عالمی کپ جیتا

پاکستان نے ہاکی کا پہلا عالمی کپ جیتا

26

اکتوبر 1971ء میں اسپین کے شہر بارسلونا میں ہاکی کے پہلے عالمی کپ کا انعقاد ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے نہایت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 24 اکتوبر 1971ء کو فائنل میں اسپین کو 1۔ صفر سے شکست دے کر یہ پہلا عالمی کپ جیت لیا۔ فائنل میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول رائٹ بیک اختر الاسلام نے کیا جب کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت خالد محمود نے کی۔ یہ ٹورنامنٹ جیت کر پاکستان نے ہاکی کا گرینڈ سلام بھی حاصل کیا کیونکہ اولمپکس اور ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے ٹائٹل پہلے ہی اس کے پاس تھے۔

تب سے اب تک ہاکی کا یہ عالمی کپ باقاعدگی سے منعقد ہورہا ہے۔ پہلے تین ٹورنامنٹ دو‘ دو سال کے وقفے سے منعقد ہوئے۔ پھر 29 ستمبر 1974ء کو بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن نے یہ فیصلہ کیا کہ یہ ٹورنامنٹ چار چار سال کے وقفے سے ہوا کرے گا چنانچہ اب یہ ٹورنامنٹ چار چار سال کے وقفے سے منعقد ہوتا ہے۔ پاکستان اب تک یہ ٹورنامنٹ 4 مرتبہ (1971ء ۔ 1978ء ۔ 1982ء اور 1994ء ) جیت چکا ہے۔