کراچی : آئی جی سندھ کے حکم پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تبادلوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ۔ کراچی انسپکٹر جنرل آف پولیس (IGP) سندھ، غلام نبی میمن نے کراچی ٹریفک پولیس میں افسران اور اہلکاروں کے تبادلوں اور تعیناتیوں پر عائد پابندی فوری طور پر اٹھانے کا حکم دے دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 29040-70 /Estt/TP/Misc کے مطابق ٹریفک پولیس کراچی میں تبادلوں پر جو پابندی گزشتہ ماہ (7 نومبر 2025) کو لگائی گئی تھی، اسے اب مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے ۔
اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا، جس کے بعد محکمہ اب ضرورت کے تحت افسران اور اہلکاروں کے نئے تبادلے اور تعیناتیاں کر سکے گا ۔ باقاعدہ منظوری یہ حکم نامہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی منظوری سے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ نعیم احمد شیخ نے جاری کیا ہے ۔
واضح رہے کہ نومبر میں ایک انتظامی حکم کے ذریعے ٹریفک پولیس میں تبادلوں کو روک دیا گیا تھا۔ اس پابندی کے خاتمے سے اب محکمہ جاتی سطح پر انتظامی ردوبدل کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جس کا مقصد شہر میں ٹریفک کی صورت حال اور انتظامی امور کو مزید بہتر بنانا ہے ۔
