زندگی میں ہمیں بہت سی چیزیں ایسی نظر آتی ہیں جو حقیقت سے بہت دور ہوتی ہیں لیکن ہم انہیں فوراً سچ مان لیتے ہیں، جیسے کہ جادو کے کرتب۔ کبھی آپ نے دیکھا ہوگا کہ جادوگر اسٹیج پر آتا ہے اور اپنے فن سے ایک آدمی کو دو حصوں میں کاٹتا ہے، پھر کچھ لمحوں بعد اسے دوبارہ جوڑ دیتا ہے۔ کبھی وہ کسی چیز کو غائب کر دیتا ہے اور کچھ دیر بعد وہی چیز واپس سامنے لے آتا ہے۔ آپ حیران ہوتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے؟ لیکن جب آپ اس کرتب کے پیچھے کا راز جان لیتے ہیں تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ یہ سب محض نظر کا دھوکہ تھا، حقیقت کچھ اور تھی۔
یہی معاملہ زندگی کے مختلف پہلوؤں میں بھی ہمیں نظر آتا ہے، خاص طور پر سوشل میڈیا پر۔ جس طرح جادوگر آپ کو کچھ دکھا کر اصل حقیقت چھپاتا ہے، اسی طرح سوشل میڈیا پر لوگ اپنی زندگی کا وہ پہلو آپ کے سامنے پیش کرتے ہیں جو آپ کو حیران کرتا ہے، آپ کو متاثر کرتا ہے۔ لیکن وہ آپ کو اپنی زندگی کی مشکلات اور کمیوں سے بے خبر رکھتے ہیں۔
آج کل لوگ اپنی زندگیوں کو بہت مثالی اور پرفیکٹ بنا کر پیش کرتے ہیں۔ ہر تصویر، ہر ویڈیو، ہر پوسٹ میں ان کے پاس خوبصورت گھر، پیار بھرے رشتے، خوشحال زندگی، مثالی نوکری، اور کامیابیاں ہوتی ہیں۔ آپ یہ سب دیکھ کر سوچتے ہیں کہ ان کی زندگی کتنی بہترین ہے اور اپنی زندگی کتنی ادھوری اور ناکامیوں سے بھری ہوئی ہے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ سب ایک "نظر کا دھوکہ” ہے، بالکل ویسا ہی جیسے جادوگر کے کرتب۔ آپ سوشل میڈیا پر دیکھتے ہیں کہ کسی کے بچے مثالی ہیں، کسی کے رشتے مکمل ہیں، کوئی ہر دن خوشیوں سے بھرا ہوا دکھتا ہے، لیکن اندرونی طور پر یہ سب لوگ بھی مسائل کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں، وہ بھی انہی پریشانیوں سے دوچار ہوتے ہیں جیسے آپ ہیں۔ایسا کرنے والوں میں اکثریت سوشل میڈیا انفلیونسرز، کورس سیلرز اور کچھ موٹیویشنل سپیکرز کی ہے.
ہم ان سب کی باتوں کو حقیقت مان لیتے ہیں اور اس کی کئی وجوہات ہیں.اُن میں سے "Social Comparison Theory” کا ذکر اہم ہے، جسے سائیکالوجسٹ لیون فیسٹنگر نے پیش کیا تھا۔ اس نظریے کے مطابق ہم اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا موازنہ دوسروں سے کرتے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ سوشل میڈیا اس موازنے کو اور بڑھا دیتا ہے کیونکہ وہاں ہم لوگوں کی زندگیوں کا صرف وہ حصہ دیکھتے ہیں جو وہ ہمیں دکھانا چاہتے ہیں، نہ کہ ان کی زندگی کی حقیقت۔
حقیقت کیا ہے؟
حقیقت میں کوئی زندگی ہر لحاظ سے مثالی نہیں ہوتی، چاہے وہ دنیا کے سب سے کامیاب اور امیر ترین لوگ ہی کیوں نہ ہوں۔ بل گیٹس، جیف بیزوس، اور ایلون مسک جیسے لوگ جنہوں نے دنیا کو بدل دیا، ان کی اپنی ذاتی زندگیاں بھی مسائل سے بھری ہوئی ہیں۔ بل گیٹس اور جیف بیزوس کی شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔ ایلون مسک کو دیکھ لیں، جنہیں دنیا کے کامیاب ترین افراد میں شمار کیا جاتا ہے، لیکن ان کی ذاتی زندگی بھی تنازعات اور مشکلات سے بھری ہوئی ہے۔ اسی طرح جیکی چن جیسے عظیم اداکار کی اپنی بیٹی سے کوئی بات چیت نہیں ہے، حالانکہ وہ دنیا بھر میں اپنی کامیابیوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔
حتیٰ کہ اسٹیو جابز، جنہیں دنیا Innovation کی علامت مانتی ہے، ان کی زندگی بھی مسائل سے مبرا نہیں تھی۔ اس کے باوجود، ہمیں یہ سکھایا جاتا ہے کہ کامیابی کا مطلب ہے مثالی زندگی، جو حقیقت سے بہت دور ہے۔
ہم میں سے اکثر لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ زندگی میں مشکلات آنا لازمی ہے، اور یہ مشکلات ہمیں سیکھنے اور بہتر بننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ لیکن جب ہم سوشل میڈیا پر دوسروں کی زندگیوں کو دیکھتے ہیں، تو ہمیں لگتا ہے کہ ہماری زندگی میں ہی کمی ہے، اور ہم دوسروں کی زندگیوں کو مثالی سمجھ کر خود کو کمتر سمجھنے لگتے ہیں۔
یاد رکھیں، دنیا میں کسی کی بھی زندگی مکمل طور پر مثالی نہیں ہوتی۔ ہر شخص کی زندگی میں کچھ نہ کچھ کمی ہوتی ہے، کچھ نہ کچھ مسائل ہوتے ہیں۔ کامیابی اور خوشحالی کے باوجود، ہر شخص کو زندگی میں چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آپ کی زندگی میں بھی مسائل ہیں، اور یہ مسائل آپ کو بہتر بننے کی طرف لے جا سکتے ہیں۔
زندگی میں سکون اور خوشی اس بات میں ہے کہ آپ اپنی حقیقت کو قبول کریں اور اپنے مسائل کا سامنا کریں۔ اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کریں، لیکن دوسروں کی زندگیوں کے فریب میں نہ آئیں۔ جو لوگ سوشل میڈیا پر مثالی زندگی کا دکھاوا کرتے ہیں، وہ خود بھی اس فریب کا شکار ہیں۔ وہ اس کوشش میں لگے رہتے ہیں کہ دنیا کو دکھائیں کہ وہ کتنے خوش اور کامیاب ہیں، لیکن اندرونی طور پر وہ بھی انہی مسائل کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں جیسے ہم سب۔
میں خود اپنی مثال دوں تو میں ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ حقیقت پر مبنی بات کروں۔ مثلاً میں Financial Freedom یا Science of Getting Rich جیسے موضوعات پر سیسنشز نہیں کراتا کیونکہ میں خود اس مقام پر نہیں ہوں۔ اس کے علاوہ میری اپنی زندگی میں بھی مسائل اور چیلنجز ہیں، اور میں کبھی یہ دعویٰ نہیں کروں گا کہ میری زندگی ہر لحاظ سے مثالی ہے۔ میں وہی دکھاتا ہوں جو حقیقت ہے، اور یہی سچائی ہے۔
اس پوسٹ کا مقصد بھی آپکو بس یہی سمجھانا ہے کہ نظر کے دھوکے میں نہ آئیں۔ سوشل میڈیا پر جو لوگ اپنی زندگی کو مثالی اور آئیڈیل دکھاتے ہیں، ان سے متاثر نہ ہوں۔ آپ کی اپنی زندگی، آپ کی اپنی حقیقت ہے، اور یہی سب سے قیمتی چیز ہے۔ اپنے مسائل کو قبول کریں اور انہیں حل کرنے کی کوشش کریں، لیکن کبھی یہ نہ سوچیں کہ آپ کی زندگی میں کچھ اچھا نہیں ہے یا آپ Miserable ہیں.
زندگی کی حقیقت یہ ہے کہ ہر شخص کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ہمیں انہی مشکلات کے ساتھ خوش رہنے کا فن سیکھنا ہے۔ اپنی زندگی کی حقیقت کو تسلیم کریں، اپنی خوشیوں کا جشن منائیں، اور دوسروں کی فریب زدہ زندگیوں سے متاثر ہو کر اپنی خوشیوں کو نظر انداز نہ کریں۔
The unhappiest people in the world are the ones who are obsessed with portraying themselves as happy.
اگر آپکو یہ پوسٹ پسند آئی یا اس سے کچھ سیکھنے کو ملا تو اسے دوسروں کے ساتھ ضرور شیئر کریں تاکہ کسی اعر کو بھی سیکھنے کو کچھ ملے.