اتوار, ستمبر 15, 2024

وفاق المدارس کے امتحانات میں 5 لاکھ 94 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہونگے

اسلام آباد : دینی مدارس کے سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، مدارس کے امتحانات میں پروفیشنلز اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد بھی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے ۔

دینی مدارس کے سب سے بڑے امتحانی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں سالانہ امتحانات بروز منگل سے شروع ہوں گے ۔ امتحانات میں 5 لاکھ  94 ہزار 784 طلباء و طالبات شریک ہوں گے جن کے لیے ملک بھر میں 3207 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جب کہ ان سینٹرز میں 18971 اساتذہ اور معلمات نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔

گزشتہ سال کی نسبت اس سال مدارس کے سالانہ امتحان میں شریک ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ، گزشتہ سال وفاق المدارس کے امتحان میں 5 لاکھ 22 ہزار 632 شرکاء تھے جب کہ امسال 72151 طلباء و طالبات کے اضافے کے ساتھ سالانہ امتحانات میں شریک ہونے والوں کی مجموعی 594784 ہے، درس نظامی کے سب سے آخری سال عالمیہ (ایم اے ) کے امتحان میں 12917 طلباء اور 25203 طالبات شریک ہو رہے ہیں ۔

وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ وفاق المدارس نے انتہائی صاف اور شفاف امتحانی نظام متعارف کروایا ہے جس میں نقل اور بوٹی مافیا کا کوئی تصور نہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں بیک وقت پر امن امتحانات کل انعقاد وفاق المدارس کا امتیاز ہے ۔

انہوں نے سفارتکاروں، سرکاری تعلیمی بورڈز کے نمائندوں، حکومتی اہلکاروں اور میڈیا سمیت تمام طبقات کے نمائندوں کو دعوت دی کہ وہ ہمارے امتحانی نظام کو قریب سے دیکھیں، امتحانی مراکز کا دورہ کریں اور ایسا مثالی، معیاری اور دیانت و امانت پر مبنی سسٹم تمام تعلیمی اداروں میں نافذ کیا جائے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں