اتوار, دسمبر 22, 2024

طلباء و طالبات مستقبل کے روشن معمار قوم ہیں : ڈاکٹر سید شرف علی شاہ

کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں 25 جنوری بروز جمعرات کو کانفرنس ہال میں ہفتہء طلبہ کے سلسلے میں اردو تقریری مقابلہ ہوا جس کا موضوع تھا ”پاکستان کا اصل مستقبل ہم سے ہے“اس مقابلے میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے 150 سے زائد طلباو طالبات نے حصہ لیا ۔

چیئر مین بورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ تمام طلباء و طالبات ہمارے مستقبل کے روشن معمار قوم ہیں انہوں نے اس موضوع پر بڑے اعتماد کے ساتھ اظہار خیال کیا۔ مجھے امید ہے کہ آپ مستقبل میں بھی انٹر بورڈ مقابلوں میں شرکت کریں گے اور اپنی عملی زندگی میں بھی اسی خود اعتمادی اور عزم کا مظاہرہ کریں گے۔

سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ مقابلہ جات سے طلباء میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے، ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء میں وطن کی محبت اجاگر کرنے کیلئے ایسے مقابلے کا انعقاد ضروری ہے،بورڈ کا ریسرچ سیکشن ہفتہء طلبہ کے انعقاد میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔

انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسل میں آگے بڑھنے کی بڑی صلاحیت ہے۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کا ریسرچ سیکشن ہم نصابی سرگرمیوں کو طلبہ کی شخصیت کی تعمیر کے لیے بہت اہم سمجھتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر رخسانہ صبا، سید غضنفر علی اور خورشید احمد نے منصفین کے فرائض انجام دیئے جبکہ نظامت کے فرائض عمیر احمد خان نے ادا کئے۔

تفصیلات کے مطابق طالبات میں پہلی پوزیشن دی سیوی اسکول بلدیہ ٹاؤن کیمپس کی سیدہ عروج نے،دوسری پوزیشن ڈی ایچ اے سی ایس ایس بیچ ویک کیمپس کی سائرہ ناز نے اور تیسری پوزیشن حدیقہ اکیڈمی اسکول کلفٹن کی طرفیہ بتول نے حاصل کی جبکہ خصوصی انعام ادا ریوویلفیئر ایسوسی ایشن اسکول کی حفصہ امام نے حاصل کیا۔

اسی طرح طلباء میں پہلی پوزیشن شاہ جہانگیر اکیڈمی سیکنڈری ماڈل کالونی کے محمد متین نے، دوسری پوز یشن لٹل فوکس اسکول بلاک ایف نارتھ ناظم آباد کے زایان احمد خان نے اور تیسری پوزیشن اسماعیل اللہ والا بوائز سیکنڈری اسکول دہلی کالونی کے شیخ محمد حمزہ نے حاصل کی۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں