کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام ایک پروقار کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف کمیونٹیز کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں مہمان خصوصی نیشنل پارٹی کی صوبائی خواتین سیکرٹری اور ایم پی اے محترمہ کلثوم نیاز لانگو بلوچ تھیں، جنہوں نے اپنے خطاب میں مذہبی ہم آہنگی اور محبت کے فروغ پر زور دیا۔
تقریب کے دوران مسیحی برادری کی مذہبی روایات کا احترام کرتے ہوئے دعائیہ سلسلہ بھی منعقد کیا گیا۔ کرسمس کلام کی خدمت پاسٹر کامران نے انجام دی، جبکہ خصوصی دعا پاسٹر شاہد اور پاسٹر آصف خرم نے کی۔
تقریب میں نیشنل پارٹی کے اہم رہنما اور عہدیداران بھی شریک ہوئے، جن میں مرکزی کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر رمضان ہزارہ، میر عمران، وسیم بلوچ، منظور راہی، میر عاطف، اور دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ، شہباز گل، عنایت بزدار، سونیا خرم، عرفان اسلم، نوید غوری، ہنی لیاقت، سنیل غوری، اندریس گل، اور نبیل صارف سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
کلثوم نیاز لانگو بلوچ نے اپنی تقریر میں کہا کہ نیشنل پارٹی ہر طبقے اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں بانٹنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسی تقریبات معاشرتی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب میں شریک افراد نے اس پروقار اور خوشگوار ماحول کو سراہا اور نیشنل پارٹی کی جانب سے مذہبی رواداری کے اس مظاہرے کی تعریف کی۔