کراچی : اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ ضلع ایسٹ نے محکمہ کالجز ایجوکیشن کے دو افسران کے خلاف انکوائری کیلئے ریکارڈ طلب کر لیا ہے ڈائریکٹر جنرل کالجز کے نام لکھے گئے خط میں ریکارڈ کی فراہمی کیلئے یہ پانچواں لیٹر لکھا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ ضلع ایسٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرکل عبدالقادر درانی نے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر کرپٹ افسران ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ (ڈی ڈی او ) اور ڈپٹی ڈائریکٹر انپسکشن آفس راشد کھوسو کے خلاف شکایات پر انکوائری کی جا رہی ہے ۔
لیٹر میں لکھا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ (ڈی ڈی او ) اور ڈپٹی ڈائریکٹر انپسکشن راشد کھوسو کی سروس کا ریکارڈ بھی مہیا کیا جائے ۔
لیٹر میں مذید لکھا گیا ہے کہ اس سے قبل 2 اگست 2023 کو لیٹر نمبر 272 بھیجا گیا تھا ، 15 اگست 2023 کو لیٹر نمبر 304 اور 22 اگست 2023 کو لیٹر نمبر 316 کے علاوہ 4 ستمبر کو لیٹر 354 لکھا گیا تھا جس کا جواب نہیں دیا گیا تھا جس کی وجہ سے پانچواں لیٹر لکھا جا رہا ہے ۔ مذکورہ ریکارڈ فراہم کرنے کا مقصد کرپشن میں ملوث افسران کی معاونت کرنا ہے ۔
اینٹی کرپشن کی جانب سے مانگے گئے ریکارڈ میں کہا گیا کہ 22-2021 اور 23-2022 کا اریجنل اور ریوائزڈ بجٹ فراہم کیا جائے ۔ 22-2021 اور 23-2022 میں خریدے گئے فرنیچر ، مشنری ، ان سروس ایبل آئٹم کی تفصیلات فراہم کریں ۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ پلانٹ یونیفارم کی خریداری کا ریکارڈ بھی مہیا جا جائے ۔ آخری دو سالوں میں استعمال ہونے والے پٹرول و ڈیزل کی تفصیلات مہیا کی جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ تمام ٹرانسپورٹ کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔