بیت السلام اولمپیاڈ 2024: کامیابی کا جشن، معزز شخصیات کی شرکت اور طلبہ کی حوصلہ افزائی
کراچی: بیت السلام ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے آٹھویں بیت السلام اولمپیاڈ 2024ء کی اختتامی تقریب کراچی میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیت السلام اپنی خدمات اور مشن کی بدولت کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ ادارہ پاکستان کے مقصدِ قیام اور قومی ترقی کے لیے جو کردار ادا کر رہا ہے، وہ قابلِ تعریف ہے۔
تقریب میں شرعی عدالت کے جج سید محمد انور نے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الستار کے اخلاص اور ان کی کامیاب قیادت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت السلام ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو تعلیم اور انسانیت کی خدمت کے میدان میں گراں قدر کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ بیت السلام نہ صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ملک بھی مظلوموں اور ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ انہوں نے مولانا عبد الستار کی قیادت اور تعلیم و تربیت کے مشن کو مثالی قرار دیا۔
تقریب کے دوران سربراہ بیت السلام مولانا عبد الستار نے کہا کہ بیت السلام کا ہدف دو بنیادی چیزوں پر مشتمل ہے: اسلام اور پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام مشکلات کا حل اسلامی تعلیمات پر عمل میں مضمر ہے اور ہمیں اپنی اسلامی اور قومی شناخت پر فخر ہونا چاہیے۔ انہوں نے نئی نسل کی تربیت کے لیے اسلامی اصولوں اور جدید دنیا کی مہارتوں کو یکجا کرنے پر زور دیا۔
تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، صوبائی وزیر بلدیات مرتضیٰ وہاب، اور کرکٹ اسٹار شاہد خان آفریدی نے اولمپیاڈ میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور ٹیموں میں ٹرافیاں، شیلڈز، اور انعامات تقسیم کیے۔
یہ مقابلے 7 نومبر سے 16 نومبر تک جاری رہے، جن میں 250 سے زائد تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبہ نے حصہ لیا۔ اکیڈمک مقابلوں میں قرات، نعت، ملی نغمے، بیت بازی، اردو اور انگریزی تقریر، مضمون نویسی، اسپیلنگ بی، سائنس اور میتھ کوئز شامل تھے، جبکہ اسپورٹس مقابلوں میں فٹ بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، اور ٹگ آف وار جیسی سرگرمیاں شامل تھیں۔
بیت السلام کے چیف کوآرڈینیٹر حذیفہ رفیق نے اولمپیاڈ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام قوم، رنگ، نسل، اور مسلک سے بالاتر ہوکر طلبہ کی تعلیمی اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔
بیت السلام کی اس شاندار تقریب نے طلبہ کو حوصلہ اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا، جو قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔