اتوار, دسمبر 22, 2024

ملک بھر کی آبادی میں تیزی سے اضافہ، اعداد و شمار جاری

پاکستان ادارہ شماریات نے 2017 سے 2023 تک پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک بھر میں آبادی بڑھنے کی شرح کی تفصیلات جاری کردی۔

ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب کے شہری علاقوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیہی علاقوں کے مقابلے میں تین گنا تک پہنچ گئی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کی شہری آبادی میں بھی اضافے کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں پنجاب کا ضلع ننکانہ صاحب آبادی بڑھنے کی شرح میں سرفہرست ہے، سندھ میں ضلع شرقی کراچی، خیبر پختونخوامیں ضلع کوہستان اور بلوچستان کے ضلع واشک میں آبادی بڑھنے کی رفتار سب سے تیز ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ 7 سال کے دوران پاکستان کی آبادی میں سالانہ اوسطاً 2.55 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے، دیہی آبادی 1.88 فیصد اور شہری آبادی میں اضافے کی کی شرح 3.67 فیصد رہی۔

پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے 2017 سے 2023 تک کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.53 فیصد رہی۔ پنجاب کی دیہی آبادی 1.46 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 4.24 فیصد اضافہ ہوا۔

پنجاب میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع ننکانہ صاحب میں 3.19 فیصد رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ کی آبادی بڑھنے کی سالانہ اوسط شرح 2.57 فیصد رہی۔ سندھ کی دیہی آبادی 1.82 فیصد جبکہ شہری آبادی میں 3.24 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا۔

سندھ میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح کراچی کے ضلع شرقی میں 5.32 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کی آبادی بڑھنے کی شرح 2.38 فیصد رہی۔ کے پی میں دیہی آبادی 2.69 فیصد اور شہری آبادی بڑھنے کی شرح 0.72 فیصد رہی۔

سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع لوئر کوہستان میں 9.05 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق بلوچستان میں اوسطاً سالانہ آبادی میں اضافے کی شرح 3.20 فیصد رہی۔ یہاں دیہی آبادی بڑھنے کی شرح 2.39 فیصد جبکہ شہری آبادی بڑھنے کی شرح میں 5.19 فیصد تک اضافہ ہوا۔

بلوچستان میں سب سے زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح ضلع واشک میں 9.51 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی اوسطاً 2.80 فیصد سالانہ کی شرح سے بڑھی۔ اسلام آباد میں دیہی آبادی 3.97 فیصد اور شہری میں 1.59 فیصد اضافہ ہوا۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں