پیر, اکتوبر 7, 2024

اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں عشرہ شان رحمت الالعالمینؐ منایا جا رہا ہے

بھاولپور: اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں عشرہ شان رحمت الاالعالمینﷺ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں انٹر فیکلٹیز مقابلے، قرأت و نعت خوانی اور خصوصی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے اپنے پیغام میں کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی پوری دنیا کے مسلمان جوش و خروش سے میلاد النبیﷺ کی خوشی مناتے ہیں۔

تاریخ بتاتی ہے کہ چھٹی صدی عیسوی میں اہلِ عالم کی اخلاقی، روحانی اور سیاسی حالت انتہا درجے کی پستی تک پہنچ چکی تھی اور ہر طرف ظلم وجور، شرک، جہالت، منافقت اور سرکشی کا دور دورہ تھا۔ تمام انبیائے سابقین علیہم السلام کی تعلیمات کفر کے دبیز پردوں میں چھپ چکی تھیں۔ ایسے حالات میں رب العالمین نے وادی بطحیٰ اور تمام عالم کے اندھیروں کو نور، علم و ہدایت اور وجدان و عرفان میں بدلنے کے لیے اس سراج منیر ﷺ کو طلوع کردیا جس نے پوری دنیا کو منور کردیا۔

 

حضور سرور کائناتﷺ دوسرے انبیاء کی طرح خاص زبانوں، خاص مقامات اور خاص قوموں کے لیے مبعوث نہیں کیے گئے بلکہ آپ ﷺ ہر زمانے اور ہر مقام کے لیے بلکہ تمام جہانوں اور مخلوقات کے لیے بھیجے گئے۔ نبی اکرم ﷺ آخری نبیؐ ہیں اور آپ ﷺکے بعد اللہ سبحانہ تعالی نے نبوت کا سلسلہ ختم کردیا گیا۔ اس لیے یہ بات ثابت ہوگئی کہ رہتی دنیا تک آپ ﷺ کا پیغام یعنی قرآن مجید اور شریعت باقی رہے گی۔ ہر مسلمان معلم اور متعلم کے لیے حضور نبی اکرم ﷺ کی پسندیدہ دعا ”رب زدنی علما“ یعنی اے رب میرے علم میں اضافہ فرما۔ اس دعا سے ہر مسلمان کو یہ درس ملتا ہے کہ حصول علم کی اسلام میں کس قدر اہمیت ہے۔ متعدد احادیث نبوی ﷺ موجود ہیں جن میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مردوزن دونوں کو تاکید کی گئی ہے۔

آج امت مسلمہ صرف اس صورت میں ترقی کرسکتی ہے جب تعلیم کو اولین ترجیحات میں شامل کرلیا جائے اور دینی علوم کے ساتھ ساتھ معاشرتی اور سائنسی علوم پر بھی بھر پور توجہ دی جائے۔ جیسا کہ اسلامی عروج کے دور میں مسلمان تمام علوم وفنون میں طاق اور دنیا پر حکمران تھے۔ وطن عزیز پاکستان کی ترقی اور استحکام کاراز تعلیم میں ہی پنہاں ہے۔

جامعہ اسلامیہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی تاریخی درسگاہ ہے جو جامعہ الازہر کے ماڈل پر قائم کی گئی۔ فیکلٹی آف اسلامک لرننگ میں قائم سیرت چیئر، سیرت طیبہ پر انتہائی فعال انداز میں تحقیق و تالیف کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں سات بین الاقوامی کانفرنسز بھی منعقد کرائی جاچکی ہیں۔ آج دنیائے اسلام کو چاہیے کہ حضوراکرم ﷺ کے یوم ولادت پر اس عہد کی تجدید کرے کہ ہم اس راہ پر چل کر حضوراکرم ﷺ کی سنت کو زندہ جاوید بنائیں گے۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں