پیر, اکتوبر 7, 2024

ای او بی آئی کے 19 افسران کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی

کراچی : EOBI کے 19، افسران کی ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر ترقیاں دے دی گئی ہیں ، تین افسران کی ترقی مؤخر کر دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق نجی شعبہ کے ملازمین کو پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن(EOBI) کے چیئرمین فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خاقان مرتضیٰ نے ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارشات پر مختلف کیڈرز کے 19 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو ڈپٹی ڈائریکٹر کے اگلے گریڈ (8) میں ترقی دیدی ہے جبکہ مختلف وجوہات کی بناء پر تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی ترقی موخر کردی گئی ہے ۔

ای او بی آئی کے سابق افسر تعلقات عامہ اسرار ایوبی کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین خاقان مرتضیٰ نے اپنے چار ماہ کے مختصر عرصہ کے دوران ادارہ کے تمام شراکت داروں کو درپیش گوناگوں مسائل فوری طور پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ ادارہ کے انتظامی ڈھانچہ کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی ہے جس کے نتیجہ میں ایک طویل عرصہ سے اپنی جائز ترقیوں سے محروم اسٹاف ملازمین اور افسران کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ترقیاں دی گئی ہیں ۔

چیئرمین کے اس اقدام کے نتیجہ میں ای او بی آئی کے ملازمین کے مرجھائے ہوئے چہروں پر بہار آگئی ہوئی ہے۔ سجاد احمد ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی کے دستخط سے جاری آفس آرڈر نمبر 173/2024 بتاریخ 3 ستمبر 2024ء کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر ترقی پانے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز میں لاء کیڈر کی حراء لطیف اور عبد الرحمٰن، آپریشنز کیڈر کے ایس ظفر مہدی، واحد بخش تالپور، سید غلام عسکری شاہ، شفیق احمد اورکزئی، مدثر رمضان، محمد علی خان،خواجہ فواد محمد، نوازش حسین اور عمران بیگ، فنانس کیڈر کے عثمان حبیب، ایم ابو بکر سلیم، اشتیاق احمد اور کمال خان(کمال خان کی ترقی 26 اگست 2024ء کو کارکردگی تخمینہ رپورٹ وغیرہ کی فراہمی سے مشروط ترقی پانے والے افسر محمد نعیم شوکت ڈائریکٹر فنانس کی ترقی کے نتیجہ میں خالی ہونے والی نشست پر کی گئی ہے ۔اور آفس کیڈر کے حفیظ احمد، آمنہ بنت ادیب اور عابد حسین شامل ہیں۔

جبکہ طاہر صدیق ایمپلائی نمبر 930074 اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی اگرچہ ڈی پی سی کی سفارشات پر لاہور ہائی کورٹ کے 20 مئی 2024ء کو فیصلہ کے نتیجہ میں چیئرمین ای او بی آئی کے روبرو ذاتی شنوائی کے بعد(جس کا فیصلہ تاحال محفوظ ہے) چیئرمین کے احکامات کے تحت اس کے متعلقہ کیڈر میں ترقی دیدی گئی ہے ۔ جبکہ ایک اور افسر حاضر علی عطاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز کی ترقی کے کیس کا فیصلہ اس کی بدعنوانیوں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

جبکہ لال خان جتوئی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز کی ترقی ان کی گزشتہ پانچ برسوں کی نامکمل کارکردگی تخمینہ رپورٹ اور سندھ ہائی کورٹ میں ان کا برطرفی کیس زیر سماعت ہونے اور نوید احمد فاروقی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز کی ترقی ان کی نامکمل کارکردگی تخمینہ رپورٹ اور ان کے خلاف جاری تادیبی کارروائی کے باعث مؤخر کردی گئی ہے۔ آفس آرڈر کے مطابق ترقی پانے والے افسران کی آزمائشی مدت ایک برس مقرر کی گئی ہے اور انہیں اپنی جوائننگ رپورٹ ایچ آر ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ ترقی پانے والے افسران کی نئی تقرریوں کے احکامات علیحدہ سے جاری کئے جائیں گے ۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں