کراچی : ای او بی آئی میں بڑے پیمانے پر اعلیٰ افسران کی ترقیاں اور تبادلے و تقرریاں کر دیئے گئے ۔
نجی شعبہ کے ملازمین کو تاحیات پنشن فراہم کرنے والے قومی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے چیئرمین فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خاقان مرتضیٰ نے ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کی سفارش پر ادارہ کے دو ڈپٹی ڈائریکٹروں کو 21 اگست 2024ء سے ڈائریکٹر( گریڈ 9) کے عہدوں پر ترقی دیدی ہے ۔
آفس آرڈر کے مطابق احمد فراز ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کو ڈائریکٹر آپریشنز اور محمد نعیم شوکت ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کو ڈائریکٹر فنانس کے عہدہ پر ترقی دیدی گئی ہے ۔ جبکہ نعیم شوکت کی ترقی ان کی پرفارمینس ایویلیوشن رپورٹ ایک ماہ میں فراہم کرنے اور حال ہی میں سنگین بدعنوانیوں کے الزامات کے تحت برطرف شدہ ڈائریکٹر فنانس آصف آزاد کے کیس کا کوئی بھی نتیجہ آنے سے مشروط کی گئی ہے ۔ ترقی پانے والے افسر احمد فراز ڈائریکٹر آپریشنز کی آزمائشی مدت ایک برس ہو گی۔
دریں اثناء ایک اور آفس آرڈر کے مطابق چیئرمین ای او بی آئی نے چند اعلیٰ افسران کے تبادلے اور تقرریاں بھی کی ہیں ۔ جس کے مطابق عبدالاحد میمن ڈائریکٹر لاء ڈپارٹمنٹ کو ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی سندھ و بلوچستان کا عارضی طور پر اضافی چارج دیا گیا ہے ۔
مبشر رسول ریجنل ہیڈ سیالکوٹ کو عارضی طور پر ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی اسلام آباد کا اضافی چارج دیا گیا ہے اور مطیع اللہ خان نیازی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کو ریجنل ہیڈ فیصل آباد نارتھ اور ناصر محمود رمضان ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کو ریجنل ہیڈ سیالکوٹ مقرر کیا گیا ہے ۔
جب کہ ایک اور آفس آرڈر کے مطابق سجاد احمد ڈائریکٹر ایچ آر اینڈ جی اے ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی کو کلیدی عہدہ سے ہٹاکر انہیں قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی لاہور اور ان کی جگہ غلام محمد ڈائریکٹر آپریشنز، ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی لاہور کو قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ کراچی مقرر کیا گیا ہے ۔
آرڈر کے مطابق ان دونوں اعلیٰ افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کا اطلاق 6 ستمبر سے ہو گا۔