بدھ, دسمبر 4, 2024

شہر کے متعدد مقامات پر شیشہ کیفے کی بھرمار ، ضلع جنوبی اور شرقی سر فہرست

کراچی(رپورٹ: کامران شیخ) کراچی کے ساوتھ زون میں پولیس نے شیشہ کیفے کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ، کلفٹن پولیس کے مطابق پولیس نے زم زمہ کمرشل ایریا میں دی خان شیشہ کیفے اور میکسیکن ویلاز پر کاروائی کرتے ہوئے 15 ہکے شیشہ اور دیگر سامان برآمد کر کے کیفے سے دو افراد کو گرفتار کیا ہے ۔

واضح رہے کہ کیفے مالکان کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ گرفتار ہونیوالے دونوں افراد تنخواہ دار ملازمین ہیں ۔ دوسری جانب کراچی کے ضلع ساوتھ کے متعدد مقامات پر شیشہ کیفے کا کاروبار جاری ہے ۔ تھانہ گذری ، درخشاں ، بوٹ بیسن اور ساحل کی حدود میں چلنے والے شیشہ کیفے کے خلاف پولیس نے تاحال کوئی کاروائی نہیں کی ۔

دوسری جانب کراچی کے ضلع شرقی میں تھانہ گلستان جوہر ، شاہراہ فیصل ، ٹیپو سلطان تھانے کی حدود میں بھی شیشہ کیفے قائم ہیں جن کے خلاف ضلع ایسٹ پولیس کاروائی سے گریزاں ہے ۔ چند روز قبل ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فرخ رضاء نے گلستان جوہر کے علاقے میں بھیس بدل کر ریٹائر ڈی ایس پی رشید رند کے شیشہ کیفے پر چھاپہ مارا تھا ۔

ایس ایس پی فرخ رضا ساہ لباس میں شیشہ کیفے پہنچے اور انھوں نے ایس ایچ او تھانہ گلستان جوہر مالک ابڑو کو فون کر کے پوچھا کہ کوئی شیشہ کیفے تو نہیں چل رہا تو ایس ایچ او نے سب اچھا ہے کی رپورٹ دی اور ساتھ ہی پرانی ویڈیو بھی شئیر کر دی ۔ ایس ایس پی نے ایس ایچ او کو کہا کہ میں یہاں بیٹھا ہوں آپ آ جائیں تو ایس ایچ او بھاگا بھاگا پہنچا جس پر ایس ایس پی فرخ رضا نے فوری طور پر ایس ایچ او کو معطل کر دیا ۔

واضح رہے کہ تھانہ گلستان جوہر میں غیر قانونی طور پر چلائے جانیوالے دیگر شیشہ کیفے کے خلاف تاحال کوئی کاروائی نہیں کی گئی جب کہ ضلع ایسٹ کے متعدد مقامات پر اب بھی شیشہ کیفے کا کاروبار جاری ہے جن کے خلاف پولیس کاروائی سے گریزاں ہے ۔ کلفٹن پولیس نے اپنی کاروائی میں یہ بھی بتایا کہ کیفے سے گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں