پیر, دسمبر 23, 2024

معاونین حجاج اور حج میڈیکل مشن کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا

کراچی : حج 2024 میں خدمات کی فراہمی کیلئے معاونینِ حجاج اور حج میڈیکل مشن کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق وزارت کے نامزد ٹیسٹنگ ادارے نے گذشتہ روز تمام امیدواروں کے نتائج اپنی ویب سائٹ پر آویزاں کر دیئے ۔ کامیاب اُمیدواروں کو موبائل میسیج کے ذریعے اطلاع کرنے کے بعد نتائج وزارت کے حوالے کر دیئے ۔

جبکہ وزارتِ مذہبی امور نے کامیاب امیدواروں کو کامیابی کے خطوط ارسال کر دیے جس میں انہیں عید کے بعد متعلقہ دستاویزات کے ساتھ اسلام آباد حاجی کیمپ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حاجی کیمپ میں معاونین حج کا پندرہ روزہ تربیتی کیمپ لگایا جائے گا اور سعودی عرب روانگی کیلئے انکے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ معاونین حج اور حج میڈیکل مشن کی قریبا ایک ہزار سیٹوں پر 56 ہزار سے زائد اُمیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا۔ حرمین شریفین میں وزارتِ مذہبی امور کے افسران و عملہ کے شانہ بشانہ حجاج کی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے مقدس فریضہ کو سرانجام دینے والے معاونین کے انتخاب میں شفافیت کو مدظر رکھتے ہوئے سول / یونیفارم اور فریش / تجربہ کار کی کیٹگریز کا الگ میرٹ رکھا گیا۔

نیز پورے پاکستان کے سرونٹس کی یکساں شمولیت کیلئے چاروں صوبوں اور گلگت و آزاد کشمیر یعنی علاقائی کوٹہ کی بنیاد پر معاونین کی چھ الگ کیٹگریاں رکھی گئی تھی۔ لہذا معاونین کے انتخاب کیلئے 24 مختلف کیٹگریوں میں مخصوص نشستوں اور ان کے مقابل اُمیدواروں کے میرٹ میں تفاوت ایک لازمی امر تھا۔

مثلا گلگت کے سول فریش افسران کیلئے مختص ایک سیٹ کا میرٹ 94 آیا۔ دوسری جانب بلوچستان اور کے پی سے رپیٹرز (تجربہ کار) کی کیٹگری میں کم از کم میرٹ 84 رہا۔ صوبہ پنجاب کی چار کیٹگریوں میں سول فریش افسران کیلئے کم ازکم میرٹ 92 جبکہ یونیفارم/رپیٹرز کیٹگری میں کم از کم میرٹ 86 آیا۔

اسی طرح معاونین حج کے سپورٹ سٹاف کی 500 سیٹوں پر ملک بھر سے اپلائی کرنے والے گریڈ 7 تا 16 کے عملہ کی تعیناتی بھی کیٹگری کے لحاظ سے مکمل کر لی گئی۔ واضح رہے کہ ایک تحریری اور فیزیکل ٹیسٹ میں یکساں نمبر حاصل کرنے والوں کے میرٹ کا فیصلہ رولز کے مطابق عمر کی سنیارٹی پر عمل میں لایا گیا۔

دوسری جانب ڈاکٹرز اور طبی عملہ کو بھی ٹیسٹنگ ادارے نے تحریری امتحان کے نتائج کی بنیاد پر میرٹ مرتب کر کے ویب سائٹ پر اجراء، کامیابی کے میسیج اور وزارت سے خطوط کا اجراء مکمل کر لیا۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں