لاہور: پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کا پوٹینشل بہت زیادہ ہے کیونکہ ہمالیہ اور قراقرم کی بلند و بالا چوٹیوں سے لے کر سوات، ہنزہ اور سکردو کے قدرتی حسن سے مالا مالدنیا کے سب سے دلکش پہاڑی سلسلے اور وادیاں یہاں واقع ہیں۔
اتوار کو یہاں پی ایف سی کے زیراہتمام پاکستان میں سیاحت کے امکانات کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقامات دنیا بھر سے ایڈونچر ٹورسٹس، ٹریکرز اور کوہ پیمائوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون اور منصوبہ بندی سے ترقی دی جائے تو سیاحت پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے جس سے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست ریزارٹس کی ترقی، بہتر روڈ انفراسٹرکچر اور بین الاقوامی معیار کی ہاسپیٹیلیٹی خدمات اس ضمن میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔