جمعرات, دسمبر 26, 2024

سخت ترین موسمی حالات کے باوجود وفاق المدارس کے امتحانات کامیابی سے اختتام پذیر

کراچی : سخت ترین موسمی حالات اور طوفانی بارشوں کے باوجود سالانہ امتحانات کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے ۔ ملک بھر میں کوئی بھی نا خوش گوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ بہترین انتظامات پر نگران عملہ اور منتظمین مدارس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نتائج کی تیاری کے مراحل کا آغاز ان شاءاللہ گیارہ فروری سے ہو گا ۔

پاکستان میں مدارس دینیہ کے سب سے بڑے تعلیمی بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس العربیہ مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق تقریباً پانچ لاکھ پچیانوے ہزار طلباء وطالبات کیلئے تین ہزار دو سو سات امتحانی مراکز میں امتحانی عمل سات روز مکمل ہوا۔جس میں تقریباً انیس ہزار سے زائد نگران عملہ نے اپنی ذمہ داریاں انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیں۔مرکزی و صوبائی قائدین اور مسؤلین و منتظمین نے امتحانی مراکز کے دورے کئے۔

مرکزی و صوبائی دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے گئے اور ہر قسم کی ضروری سہولیات کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ جب کہ امتحانی مراکز والوں کی جانب سے دیگر مدارس کے آنے والے طلباء و طالبات کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے۔ مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ اس وقت ملک کے اکثر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور کئی دشوار گزار علاقوں میں برفباری سمیت انتہائی سخت موسمی شدت کا سامنا رہا اس کے باوجود پورے ملک میں ایک ہی وقت میں پرچوں کا آغاز اور اختتام ہوا۔

کراچی و اندرون سندھ میں شدید طوفانی بارشوں کے باوجود سندھ کے تقریباً تین سو سے زائد امتحانی مراکز میں وقت مقررہ پر مثالی نظم وضبط کے ساتھ امتحان کا عمل مکمل ہوا،بارشوں و طوفانی صورتحال میں وفاق المدارس کی صوبائی قیادت اور مسؤلین نے نگران عملہ کے ساتھ مل کر وقت سے قبل ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بھی کئے۔دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں کئی مدارس و جامعات نے دیگر مدارس سے آنے والے طلباء کیلئے قیام و طعام کا بندوست بھی کیا ۔

نگران عملہ کی آمد و رفت کو بھی بروقت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے۔مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے باوجود صبح نو بجے پرچوں کا آغاز اور ایک بجے دوپہر اختتام ہوا۔امتحانی نظم میں استعمال ہونے والی تمام ضروری اشیاء مسؤلین و معتمدین وفاق نے بروقت تمام امتحانی مراکز میں پہنچائیں۔

دریں اثناء وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی،مولانا انوار الحق،مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا عبیداللہ خالد،مولانا سید سلیمان بنوری،مولانا سعید یوسف سمیت صوبائی نظماء مولانا امداداللہ یوسف زئی،مولانا حسین احمد، مولانا قاضی عبدالرشید، مولانا صلاح الدین ایوبی ملک کے مختلف علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کے فوری دورے کئے،امتحانی عمل اور نگران عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور تحریری رپورٹس بھی مرتب کیں۔کئی علاقوں میں مختلف تعلیمی و سماجی اور معروف شخصیات نے بھی وفاق المدارس کے امتحانی مراکز کے مطالعاتی دورے کئے اور نظم و انصرام کو اعلی اور مثالی قرار دیا۔

مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ آزاد کشمیر،گلگت و بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع سخت ترین موسمی صورتحال سے دوچار تھے،جہاں تین تین فٹ تک برفباری کا سلسلہ ان دنوں میں جاری رہا،آمد و رفت کے راستے بند ہوگئے لیکن ان سب پیچیدگیوں کے باوجود وفاق المدارس کے متحرک نگران عملہ اور مسؤلین نے بروقت امتحانی عمل کو یقینی بنایا،کئی دشوار گزار علاقوں میں تین تین گھنٹوں پیدل سفر کر کے ضروری اشیاء کی ترسیل بھی کی گئی،ان علاقوں میں قائم بعض امتحانی مراکز یعنی مدارس و جامعات نے چھ روز مکمل قیام و طعام کی سہولتیں بھی فراہم کیں،ان بہترین خدمات پر قائدین وفاق المدارس نے ان مدارس اور وفاق المدارس کے نگران عملہ و مسؤلین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اسی طرح مرکزی و صوبائی دفاتر کے عملہ کو رات دن فعال کردار ادا کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر مرکزی ناظم دفتر مولانا عبدالمجید نے میڈیا سینٹر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانات کے کامیاب انعقاد کے بعد نتائج کی تیاریوں کے مراحل کا آغاز ان شاءاللہ گیارہ فروری سے ملک کے چاروں صوبوں میں شروع ہو گا۔

جس میں تقریباً سو ممتحن اعلی،بائیس سو ممتحن علماء و ماہر مدرسین مارکنگ کے عمل میں شریک ہونگے جو گیارہ روز تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گا۔جبکہ نو سو سے زائد عملہ و خدام بھی لاکھوں پرچوں کی جانچ پڑتال کے عمل کا حصہ ہونگے،اس طرح مجموعی طور پر تقریباً بتیس سو افراد نتائج کی تیاری کے اس مرحلہ میں شریک ہونگے۔اس کے بعد ان شاءاللہ حتمی نتائج کی تیاریوں کا مرحلہ مرکزی دفتر ملتان میں ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج کی تیاری کے مراحل کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیدیا گیا ہے۔ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی سربراہی اور اراکین امتحانی کمیٹی کی نگرانی میں نتائج کی تیاری کا یہ مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں