کراچی : ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کے تحت پاکستان کا منفرد میڈیکل ایند ڈینٹل انٹرن شپ پروگرام برائے سال 2023 کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے، اس انٹرن شپ پرگرام میں مختلف میڈیکل جامعات کے 20 طالب علموں کو سائنسی و تحقیقی تربیت دی گئی، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی۔
بین الاقوامی مرکز میں جمعہ کو منعقدہ تقسیم اسناد کی تقریب سے پروفیسر فرزانہ شاہین اور انٹرن شپ پروگرام کی منتظم پروفیسر ڈاکٹر عصمت سلیم نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الحق سمیت دیگر فیکلٹی ارکان بھی موجود تھے ۔
پروفیسر فرزانہ شاہین نے میڈیکل ایند ڈینٹل شعبے کے طالبِ علموں اور گریجویٹس کے لیے اس تحقیقی تربیت کے پروگرام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی جیسے بین الاقوامی تحقیقی ادارے میں اس مختصر مگر اہم پروگرام کے انعقاد سے شرکاء میں تحقیق کے شعبے میں مزید دلچسپی بڑھے گی۔ انھوں نے کہا مالیکولر میڈیسن کے شعبے میں ان 20 میڈیکل اور ڈینٹل اسٹوڈنٹس کی تربیت کی تکمیل سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سائینس، تحقیق اور تعلیم کے میدان میں بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی پُر عزم ہے۔
پروفسیرعصمت سلیم نے کہا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹرہر سال دسمبر میں اس انٹرن شپ پروگرام کا انعقاد کرتا ہے، اس مرتبہ20 طالبِ علموں کو تربیت دی گئی ہے جس کا مقصدمیڈیکل ایند ڈینٹل سے متعلق طالبِ علموں اور گریجویٹس کو مالیکولر اور سیلولر سطح پرسائینسی تحقیق کی طرف متوجہ کرنا ہے ۔
انھوں نے کہا شرکاء کو بین الاقوامی مرکزجامعہ کراچی کے مختلف تحقیقی اداروں میں بائیو انفارمیٹکس، کمپیوٹیشنل کیسمٹری، کینسر ریسرچ، جنیومکس، ادویاتی کیمیاء، میٹا بولک ڈس آرڈر، وائرولوجی، پروٹیومکس، فارماکولوجی، اسٹرکچرل بائیو لوجی، مائکرو بائیولوجی اینڈ امیولوجی، مالیکولر بائیولوجی، اسٹیم سیل ریسرچ، اسٹرکچرل بائیو لوجی، اینزائم ان ہبیشن اسٹڈیز، اور بائیو ایکویلینس اسٹڈیز سمیت اہم شعبہ جات میں تربیت دی گئی ۔