Home اسلام ایچ ای سی کا سیرت نبوی ﷺ کا لازمی نصاب، اسلامی تعلیم...

ایچ ای سی کا سیرت نبوی ﷺ کا لازمی نصاب، اسلامی تعلیم کی طرف بروقت اضافہ

14
تحریر: ڈاکٹر عبدالقادر
قریب دو سال ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستانی جامعات کے تمام انڈر گریجویٹ طلبہ کے لئے سیرت طیبہ کی تعلیم کو لازمی قرار دیا تھا۔ اس حوالہ سے مختلف جامعات نے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ لیکن کسی ایسی کتاب کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی رہی جسے بطور ایک نصابی کتاب کے اساتذہ و طلبہ استعمال کرسکیں۔
مطالعہ سیرت طیبہ تاریخی ترتیب سے
بلاشبہ ایک ایسی کتاب ہے جو اس ضرورت کو بخوبی پورا کرتی ہے۔ عموماً یونیورسٹی کے ایک سیمسٹر میں دو کریڈٹ والے کورس بتیس گھنٹوں پر مشتمل ہوتے ہیں، اس کتاب کے بھی بتیس اسباق ہیں جن میں سے ہر سبق اوسطاً دس سے بارہ صفحات پر مشتمل ہے۔ ہر سبق کے آخر میں دو سے تین ایسے سوالات بھی شامل کئے گئے ہیں جو عموماً سبق میں مذکور مواد پر مزید غور و فکر کا ذریعہ بنتے ہیں جس کے نتیجے میں سیرت طیبہ سے مناسبت پیدا ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
کتاب کے پہلے، دوسرے اور آخری سبق کو اس کتاب کی امتیازی خصوصیت کہا جائے تو شاید غلط نہ ہو۔ پہلے سبق میں فن سیرت کا ایک جامع اور مختصر تعارف کروانے کے ساتھ ساتھ اس کے تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مطالعہ سیرت کی ضرورت و اہمیت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا گیا ہے۔جب کہ دوسرے سبق میں سیرت طیبہ کی معجزانہ حیثیت کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
پھر کتاب کے آخری سبق میں شمائل نبوی علی صاحبھا الصلاۃ و التسلیم کو ذکر کیا گیا ہے۔ عموماً سیرت طیبہ کی درسی کتب ان سے خالی ہوتی ہیں۔
درمیانی اسباق میں مکی اور مدنی زندگی کے تمام اہم واقعات کا تاریخی ترتیب سے تذکرہ کیا گیا ہے۔ طویل واقعات بیان کرتے ہوئے مرکزی عنوان کے ساتھ ساتھ ذیلی عنوانات بھی لگائے گئے ہیں، جن سے واقعہ کی اہم جزئیات کو ذہن نشین کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بھی ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اس کتاب کا انگریزی ترجمہ ہو جائے تاکہ ان جامعات کے طلبہ بھی اس سے بھرپور مستفید ہوسکیں جن میں تعلیم و تعلم اور امتحانات کی عمومی زبان انگریزی ہے۔
اس کتاب کے مستند ہونے کے لئے صاحب کتاب کا نام ہی کافی ہے۔ ڈاکٹر سید عزیز الرحمن صاحب وطن عزیز کے معروف سیرت نگار ہیں۔ اور تصنیف، تحقیق، تربیت اساتذہ و نصاب سازی کے میدان میں عشروں سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
امید ہے یہ کتاب نہ صرف طلبہ و اساتذہ میں بل کہ عام قارئین کے طبقہ میں بھی ضرور قبول عام حاصل کرے گی۔
نوٹ: کتاب زوار اکیڈمی کراچی سے شائع ہوئی ہے، دلچسپی رکھنے والے حضرات معلومات کے لیے زوار اکیڈمی کے درج ذیل نمبر پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
021-36684790
ڈاکٹر عبدالقادر
لیکچرار اسلامیات، گورنمنٹ ڈگری سائنس و کامرس کالج لانڈھی کورنگی، کراچی
سابق صدر شعبہ اسلامی علوم، جامعہ بحریہ کراچی