بدھ, فروری 5, 2025

منگچر: کھلی کچہری میں عوامی مسائل پر گفتگو، حل کی یقین دہانی

منگچر: اسسٹنٹ کمشنر منگچر ڈاکٹر علی گل عمرانی نے کہا ہے کہ کھلی کچہری کا انعقاد عوام کے بنیادی مسائل براہ راست سننے اور ان کے حل کے لیے تجاویز لینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ شہید میر اورنگزیب لانگو بوائز انٹر کالج منگچر میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں قبائلی، سیاسی، سماجی اور عوامی عمائدین کے علاوہ خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صحت، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر، بجلی کے مسائل، لوکل سرٹیفکیٹ کے اجراء، منشیات کی کاشت اور فروخت، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کے حصول سمیت کئی مسائل پیش کیے گئے۔

عوام نے خصوصی طور پر ڈی ڈی ای او فیمیل میڈیم عدیلہ بشیر کے تبادلے کی منسوخی اور پی بی 36 کے جوہان گزگ کے سات پولنگ اسٹیشنز کی ری پولنگ کے مطالبات سامنے رکھے۔

اس موقع پر چیرمین میونسپل کمیٹی حاجی سلطان لانگو، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد ابراہیم لانگو، نادرا آفس کے اشفاق لودھی، ڈی ڈی ای او میل محمد حنیف اور دیگر افسران موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر علی گل عمرانی نے شرکاء کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام، خاص طور پر خواتین کی شرکت، مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر قلات فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) بلال شبیر کی قیادت میں ہر ماہ کم از کم دو بار کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کو براہ راست انتظامیہ تک پہنچایا جا سکے اور فوری حل نکالا جا سکے۔ علاوہ ازیں، جن مسائل کا تعلق اعلیٰ حکام سے ہوگا، ان کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عمرانی نے کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان مضبوط رابطہ مسائل کے حل میں معاون ہوگا اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

مختیار احمد
مختیار احمدhttps://alert.com.pk/
سٹاف رپورٹر | ضلع قلات بلوچستان
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں