اتوار, دسمبر 22, 2024

ایک خوبصورت شام "مع السلامہ "کے نام

یہ ایک خوبصورت شام تھی جو دلوں کو جوڑنے،ارادوں کو مہمیز دینے اور ان میں شعلہء بقا پیدا کرنے کے لئے وقف ہوئی ،مع السلامہ کے دفتر میں سجی اس محفل میں "مصلح ملت "محترم جناب مولانا طلحہ رحمانی صاحب ،برادر کبیر مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب،صفہ سویٹ ہوم کے مدیر مولانا جمیل الرحمن فاروقی صاحب،سینئر صحافی محترم جناب شرجیل امجد راؤ صاحب، ہردلعزیز صحافی محترم عمار خان یاسر،ہردم فعال اور متحرک برادرم ارسلان سیال، برادرم قاسم محمود خان،محترم عاصم بلال ،عزیزم عابد حمید ،یوسفزئی برادران یعنی عثمان یوسفزئی اور اسامہ یوسفزئی اور دیگر صاحبان عزیمت شامل ہیں۔

یہ گلدستہ سجانے کی سعادت مع السلامہ کے ڈائریکٹر محترم جناب معراج الدین اسیف صاحب کے حصے میں آئی۔

اس نشست میں گفتگو کی آغوش میں کئی موضوعات نے جنم لیا مگر 6،7،8 دسمبر کو فیصل مسجد اسلام آباد کے قائد اعظم آڈیٹوریم میں ہونے والی حج و عمرہ نمائش کا موضوع غالب رہا ۔
مع السلامہ نے جس انداز میں حج و عمرہ سروسز، تربیت اور دیگر امور کو اپنا مشن بنا رکھا ہے وہ حیران کن ہے، محترم جناب معراج الدین صاحب اور ان کی ٹیم نے جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حج و عمرہ کی تربیت کو مرتب کیا ہے ،اس سلسلے میں لکھی گئی تمام کتابیں جمع کی ہیں، مکہ مکرمہ، منی ،عرفات، مزدلفہ اور دیگر اہم مقامات کے تھری ڈی ماڈلز بنائے ہیں،ورچوئل ٹریننگ، ایپ ڈویلپمنٹ وغیرہ پر بھی قابل تعریف کام کیا ہے

یہ کارہائے نمایاں ایک عزم اور تجربے کی طویل مسافت کا نتیجہ ہیں، حجاج کرام کو عملی طور پر درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان تمام امور کو مرتب کیا گیا ہے ،ان کا یہ مشن ہے کہ حج جیسی عظیم عبادت کو اس کے پورے آداب اور احکامات کی رعایت رکھتے ہوئے ادا کرنے کی کوشش کی جائے اور اس سلسلے میں وہ حجاج کرام کی بے لوث خدمت کے جذبے سے ہر ایک زائر حرم تک پہنچ کر اسے حج تربیت فراہم کرنے کے مشن پر گامزن ہیں۔

اسی سلسلے میں ایک انوکھا آئیڈیا لے کر مع السلامہ کی ٹیم 6 / 7 اور 8 دسمبر بروز جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو فیصل مسجد اسلام آباد سے ملحق قائد اعظم آڈیٹوریم میں ایک منفرد حج و عمرہ نمائش کا انعقاد کرنے جا رہی ہے ،اس نمائش میں تھری ڈی ماڈلز ،حج وال ،نقشوں اور ویڈیوز کے ذریعے حج سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی،اور حج کا مکمل تھری ڈی ٹریک بھی ڈسپلے کیا جائے گا جسے مع السلامہ کی ٹیم نے بڑی محنت سے تیار کیا ہے ،قرآت، حمد و نعت اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مقابلے بھی ہوں گے ،قرآن کریم کے نادر نسخوں کی نمائش بھی کی جائے گی اور حج و عمرہ اور دیگر اسلامی مصنوعات کی معروف کمپنیاں اپنے اپنے سٹال بھی لگائیں گی،ٹریول اینڈ ٹورز آپریٹرز، زیارات اور اس شعبے سے منسلک تنظیمیں اور افراد بھی اس میں شرکت کریں گے، اور سب سے اہم بات کہ قرعہ اندازی کے ذریعے نمائش میں شریک ہونے والے 4 خوش نصیبوں کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دیئے جائیں گے، اس عظیم نمائش میں فیملی سمیت شرکت کی جا سکتی ہے، خواتین کیلئے الگ پردے کا مکمل انتظام ہو گا اور سٹال کی بکنگ کے لیے مع السلامہ کی ٹیم سے رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

مع السلامہ کا ایک اور انقلابی، قابل داد اور منفرد کام شفاف انداز میں حجاج کرام کو قربانی کی سروسز فراہم کرنا ہے ،جن احباب کو اللہ پاک نے حج کی سعادت نصیب فرمائی وہ جانتے ہیں کہ وہاں قربانی کرنا کتنا مشکل اور پیچیدہ عمل ہوتا ہے اور قربانی کے نام پر حجاج کرام کے ساتھ جو کھیل کھیلا جاتا ہے الامان والحفیظ، مع السلامہ نے ایک ایپ متعارف کروائی ہے جس کے ذریعے فقہ حنفی کے مطابق حاجی جمرات سے فارغ ہوتے ہی اپنے موبائل پر ایک بٹن پریس کر کے مع السلامہ کی ٹیم کو مطلع کرے گا کہ اب میری قربانی کر دی جائے، مع السلامہ کی ٹیم ایک گھنٹے کے اندر اندر اس کی قربانی کا جانور ذبح کر دے گی اور اس سارے عمل کو ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے حاجی اپنے موبائل سے مانیٹر بھی کر رہا ہو گا ،اس شاندار کا کی اہمیت سے وہ لوگ بخوبی واقف ہوں گے جو حج کے دوران قربانی کے اس رگڑے سے گزرے ہوں۔

بہرحال مع السلامہ کے حوالے سے یہ نشست بہت ہی یادگار اور ناقابل فراموش تھی البتہ آخر میں سجائے گئے پرتکلف عشائیہ کے دسترخوان کی تصاویر ہم آپ کے ساتھ شیئر کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے آپ کے منہ میں پانی آئے یا آپ کے ذوق میں حسرت اتر آئے اور دل ہی دل میں آپ ہمیں کوسنے لگیں۔

مع السلامہ

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں