اتوار, دسمبر 22, 2024

چار پاکستانی پی ایچ ڈی طلبہ کا بین الاقوامی اعزاز

جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے چار پی ایچ ڈی طالبِ علموں محمد علی منہاس، امبر بانو، دائم آصف، اور سنعیہ خورشید نے امریکن کیمیکل سوسائٹی (ACS) کی ٹریول گرانٹ جیت لی ہے۔ اس اعزاز کے تحت یہ چاروں طالبِ علم 3 سے 5 نومبر 2024 کے درمیان قطر میں جاری ACS قطر چیپٹر اور رائل سوسائٹی آف کیمسٹری (RSC) ریجنل ایم ای اے کانفرنس میں شرکت کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (ICCBS) جامعہ کراچی کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ کیمیا کے شعبے میں ان طلبہ کو ان کی تعلیمی کارکردگی اور تحقیقی شراکت کے باعث اس اعزاز سے نوازا گیا۔ ان چاروں پی ایچ ڈی طالبِ علموں کے سپروائزر ڈاکٹر عمران ملک ہیں، جو امریکن کیمیکل سوسائٹی پاکستان چیپٹر کے چیئر اور فیکلٹی ایڈوائزر بھی ہیں۔

اس کانفرنس میں دنیا بھر سے کیمیادان، محققین، اور صنعت کے ماہرین شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے دوران طلبہ کو اپنے تحقیقی مقالے پیش کرنے، ورکشاپس میں شرکت کرنے اور نیٹ ورکنگ کے مواقع ملیں گے، جو ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (ICCBS) کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے اس کامیابی پر طلبہ اور ان کے سپروائزر کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ کامیابی ان کے جذبے، محنت اور تعلیمی عزم کا عکاس ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ان ہونہار طلبہ کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

عظمت خان
عظمت خانhttps://www.azmatnama.com/
عظمت خان ، کراچی بیسڈ صحافی ہیں ، 2 کتابوں کے مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی یونیورسٹی میں ابلاغ عامہ میں ایم فل کے طالب علم ہیں ۔ گزشتہ 12 برس سے رپورٹنگ کر رہے ہیں ۔ ان کی رپورٹنگ فیلڈ میں تعلیم و صحت ، لیبر ، انسانی حقوق ، اسلامی جماعتوں سمیت RTI سے معلومات تک رسائی جیسی اہم ذمہ داریاں شامل ہیں ۔ 10 برس تک روزنامہ امت میں رپورٹنگ کرنے کے بعد اب ڈیجیٹیل سے جرنلزم کر رہے ہیں
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں