کراچی: وفاقی جامعہ اردو کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ویرسانی نے کمپس انچارچ اور چیئرمین شپ کے عہدے احتجاجاً چھوڑ دیے ہیں۔ یہ اقدام شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کے مبینہ رویے اور اساتذہ کے خلاف جاری اقدامات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔ ڈاکٹر محمد علی ویرسانی، جو جامعہ اردو کے قابل اور شریف ترین اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں، نے یہ فیصلہ اس وقت کیا جب شیخ الجامعہ کی جانب سے ایک تقریب میں ان کی تذلیل کی گئی، جس میں دیگر جامعات کے مہمان بھی موجود تھے۔
جامعہ اردو میں جاری اس تنازعے کے نتیجے میں دو سینئر پروفیسروں کی موجودگی کے باوجود ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر کو چیئرپرسن نامزد کر دیا گیا، جس پر اساتذہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ نے پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ویرسانی کے استعفیٰ کو شیخ الجامعہ کے رویے کے خلاف احتجاج اور جامعہ کے بہترین مفاد میں ایک قدم قرار دیا ہے۔