پیر, دسمبر 2, 2024

نماز کی پابندی، خطبہ جمعہ مسجد نبوی، مدینہ منورہ

مدینہ منورہ: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبداللہ البعیجان نے مسجد نبوی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے نماز میں سستی، لاپرواہی اور دیگر مشاغل کے ذریعے نماز کے وقت کو ضائع کرنے سے خبردار کیا ہے۔

ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان، جو مسجد نبوی کے امام و خطیب ہیں، نے اللہ کی حمد و ثناء کے بعد خطبہ کا آغاز کرتے ہوئے فرمایا: "نماز توحید کے بعد سب سے بڑی فرض عبادت ہے، یہ اسلام کا ستون اور اس کا دوسرا رکن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: {وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ حُنَفَاءَ وَيُقِيمُوا الصَّلَاةَ وَيُؤْتُوا الزَّكَاةَ وَذَلِكَ دِينُ الْقَيِّمَةِ}۔ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے: اللہ کی عبادت اور اس کے سوا تمام چیزوں کا انکار، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ دینا، بیت اللہ کا حج کرنا اور رمضان کے روزے رکھنا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ نماز قیامت کے دن بندے سے سب سے پہلے پوچھی جانے والی عبادت ہے۔ اگر نماز درست ہو تو بندہ کامیاب ہوگا، اور اگر خراب ہو تو وہ ناکام و نامراد ہوگا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "قیامت کے دن بندے کے اعمال میں سب سے پہلے نماز کا حساب ہوگا۔ اگر وہ صحیح نکلی تو وہ کامیاب ہوگا، ورنہ ناکام و نامراد۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں پر دن رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں اور ان کے مخصوص اوقات مقرر کیے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: {إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَوْقُوتًا} یعنی نماز مخصوص اوقات میں فرض ہے جسے بغیر شرعی عذر کے مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔ حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا: "اللہ تعالیٰ نے پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ جو شخص ان کا وضو اچھی طرح کرے، انہیں ان کے وقت پر ادا کرے اور ان میں رکوع و خشوع مکمل کرے، تو اس کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے مغفرت کا وعدہ ہے۔”

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نماز میں سستی، غفلت اور مشغولیت کے باعث اس کے وقت کو ضائع کرنے سے منع کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: {فَوَيْلٌ لِلْمُصَلِّينَ * الَّذِينَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ}۔

مزید کہا کہ نماز دین کا ستون، سب سے بڑی واجب اور عظیم ترین عبادت ہے، اور والدین پر لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نماز کی پابندی کی تلقین کریں، ان کی نگرانی کریں اور انہیں وقت پر نماز ادا کرنے کی تاکید کریں۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: {وَأْمُرْ أَهْلَكَ بِالصَّلَاةِ وَاصْطَبِرْ عَلَيْهَا}۔

خطبے کا اختتام انہوں نے اس بات پر کیا کہ نماز وہ وصیت ہے جسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری وقت میں سب سے زیادہ تاکید کے ساتھ فرمایا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں