ہری پور: ڈی پی او ہری پور کے احکامات کی روشنی میں ہری پور پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری
ہری پور پولیس نے اغواء برائے تاوان کے مقدمے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے مغوی کو بحفاظت بازیاب کر لیا۔ تھانہ خانپور کی اس کارروائی میں پولیس نے ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی۔
ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور، جمیل الرحمان نے تھانہ خانپور میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ مورخہ 17 اکتوبر 2024 کو مدعی اویس زاہد ولد محمد زاہد، سکنہ گھمانواں حال بارہ کہو اسلام آباد، نے رپورٹ کی کہ وہ اپنے بھائی وقاص زاہد اور کزن مزمل احمد کے ہمراہ موٹرسائیکل پر براستہ خانپور اسلام آباد جارہے تھے۔ خطاب گل کرش پلانٹ کے قریب رات 9:30 بجے کے قریب ایک بغیر نمبر کی گاڑی نے انہیں ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں تینوں زخمی ہوئے۔
گاڑی میں موجود چار افراد نے زخمیوں کو علاج معالجے کا بہانہ بنا کر اپنی گاڑی میں ہری پور کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں، مزمل احمد کو وجیاں پٹرول پمپ کے قریب چھوڑ دیا گیا جبکہ اویس اور وقاص کو اغواء کر کے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگئے۔ ملزمان نے اویس کو زخمی حالت میں موٹروے ٹھیلیاں انٹرچینج کے پاس پھینک دیا، جبکہ وقاص کو ساتھ لے گئے۔
مدعی کی رپورٹ پر تھانہ خانپور میں مقدمہ علت 856/2024 جرم 365 PPC درج کیا گیا۔ ڈی پی او ہری پور نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن جمیل الرحمان اور ڈی ایس پی سرکل خانپور محمد عزیر کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دی۔
ایس ایچ او تھانہ خانپور ہارون خان، انچارج تفتیش جاوید خان، اور دیگر پولیس اہلکاروں نے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کیا اور کامیاب کارروائی کے دوران اغواء میں ملوث ملزمان احمد ولد غلام صابر، احمد ولد عبدالقیوم، ظہیر یونس ولد محمد یونس، عثمان حیدر ولد حیدر زمان، محمد ہمایون ولد عبدالقیوم اور کاشف ولد غلام محمد کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے مغوی وقاص کو بازیاب کر لیا گیا اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی، اسلحہ، اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔ پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں سے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا۔
ملزمان نے مغوی کی رہائی کے لیے 1 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ مزید 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفتیش جاری ہے اور مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔