مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 75 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی ہیں۔
دسمبر کیلئے برینٹ کروڈ کے سودے 68 سینٹ یا 0.92 فیصد بڑھ کر 74.97 ڈالر پر طے ہوئے۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے نومبر کے سودے 66 سینٹ اضافے کے ساتھ 71.22 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے،پیر کے روز برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی دونوں میں تقریبا 2 فیصد اضافہ ہوا تھا جس سے گزشتہ ہفتے کی 7 فیصد سے زیادہ کی گراوٹ کا ازالہ ہوا، مشرق وسطیٰ میں لڑائی میں کوئی کمی نہیں آئی اور مارکیٹ کو تشویش ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کی متوقع جوابی کارروائی سے تیل کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے سربراہ نے پیر کے روز کہا ہے کہ 2025 میں چین کی تیل کی طلب میں اضافہ کمزور رہنے کی توقع ہے کیونکہ دنیا کی دوسری بڑی معیشت اپنی کاروں کے بیڑے کو برقی بنانے اور سست رفتار سے ترقی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔