فیصل آباد: رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس میں فلسطین میں جاری حالیہ اسرائیلی دہشت گردی کے ایک سال مکمل ہونے پر "یومِ یکجہتی فلسطین” منایا گیا۔ اس تقریب کا مقصد فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا اور ان کے ساتھ ہونے والے مظالم کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا تھا۔ طلبہ و طالبات، اساتذہ، اور مختلف شعبہ جات کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر مدثر احمد نے کلیدی خطاب کیا۔ انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا، "بیت المقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور اہل فلسطین سے ہمارا تعلق کلمے کا ہے، جو کسی بھی خونی رشتے سے بڑھ کر ہے۔ ہمارے جسم یہاں ہیں مگر ہمارے دل اہل فلسطین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کو فلسطینی عوام کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانا چاہیے اور دنیا کے سامنے فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کو زیادہ مؤثر طریقے سے اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا، جس میں مظلوم فلسطینی عوام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات نے اپنے احساسات اور جذبات کیمرے کی آنکھ میں ریکارڈ کروائے تاکہ فلسطینیوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار دنیا تک پہنچا سکیں۔
رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے اس مظاہرہ میں نہ صرف تعلیمی ادارے کے افراد نے حصہ لیا بلکہ اس موقع پر عالمی سطح پر فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔