حاجی عبدالوہاب رحمہ اللہ کی آخری وصیت سب کو مل کر محبت واتحاد سے رہنا ہے ۔دین کی عالی محنت کیلئے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔رائیونڈ کے بزرگوں اور علماء کے وفد کاجامعہ الصفہ سعید آباد کا دورۂ ،علماء اور طلباء سے بیان
جامعہ الصفہ سعید آباد کراچی میں رائیونڈ کے سرکردہ بزرگوں اور علماء کرام کے وفد کی آمداور طلباء ، علماء سے خصوصی بیان میں مولانا فہیم نے کہا کہ وحی کا علم براہ راست اللہ رب العزت کی ذات سے نکلا ہے جسکا ایک حرف ساتوں آسمانوں اور ساتوں زمینوں سے افضل ہے طلبہ کو اللہ تعالی کا شکر اداکرنا چاھئے کہ اللہ نے کروڑوں انسانوں میں سے ہمیں اپنی نگاہ الفت ومہربانی عطا فرمائی اور خاص نظر کرم سے امام المرسلین کے علم اور نسبت ونشانی عطا فرمائی ۔جس پر طلبہ کو اپنے منعم حقیقی کا شکر اداکرنا چاھئے .
مولانا فہیم صاحب نے اکابر دیوبند کے بالعموم اور مولانا سید حسین احمد مدنی رحمہ اللہ حاجی عبد الوہاب ومولانا جمشید صاحب رحمھم اللہ کے اعلی اور سبق آموز تفصیلی واقعات سناکر طلبہ کو اکابر اور اہل نسبت سے اپنی نسبت قائم کرنے کی ترغیب دی مولانا فہیم نے طلبہ کو حضرت حاجی عبد الوہاب صاحب کی یہ آخری وصیت بیان فرمائی کہ سب لوگ آپسمیں اتحاد ومحبت سے رہیں کیونکہ محبت اور اتحاد سے وہ فوائد ملتے ہیں جو قوانین اور ضوابط سے حاصل نہیں ہوتے .
انہوں نے حضرت مدنی رحمہ اللہ کے شب زندہ دار ہونے اور رات کو اللہ تعالی کے سامنے گڑگڑانے کا تفصیلی تذکرہ فرمایا ۔ رئیس الجامعہ شیخ الحدیث مولانا حق نوازنے وفد کو طلبہ جامعہ الصفہ کی تبلیغی ودعوتی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ الصفہ اکابر تبلیغ کا خصوصی مرکز ہے جسمیں مولانا جمشید صاحب رحمہ اللہ کے علاوہ مولانا احسان صاحب کی آمد وخصوصی توجہات رہی۔
مولانا عبیداﷲ خورشید صاحب نے علماء اور طلباء کو دعوت و تبلیغ کے کام سے جڑنے اور دعوت کے کام کی سرپرستی کرنے کی ترغیب دی ۔علماء رائیونڈ نے جامعہ الصفہ کو مولانا احسان صاحب اور مولانا جمشید صاحب رحمہ اللہ کی نسبت ونشانی قراردیا ۔اور طلبہ وعلما کو کراچی اجتماع میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اورباقاعدہ تشکیل کی .