کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے اکرام سہگل کو نیا چیئر مین منتخب کرلیاگیا ہے،جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔سابق چیئرمین طیب ترین گزشتہ روز مستعفی ہو گئے تھے ۔بورڈ کی جانب سے کمپنی کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے پر مستعفی چیئرمین طیب ترین کی قائدانہ صلاحیتوں کو کو سراہا گیا۔
40سال سے زائد کا روباری تجربہ رکھنے والے اکرام سہگل پاتھ فائنڈر گروپ پاکستان کے چیئر مین ہیں۔پاک فوج میں خدمات کی انجام دہی کے دوران اکرام سہگل پاکستان کے پہلے جنگی قیدی تھے جو بھارتی کیمپ سے نکلنے میں کامیاب رہے ۔ وہ بینک الفلاح میں بھی 16 سال تک خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اکرام سہگل ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیوای ایف) کے بانی رکن ہونے کے علاوہ امریکی فرم ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے گزشتہ 9 سال سے ڈائریکٹر ہیں۔
اکرام سہگل کراچی کونسل آن فارن ریلیشز (کے سی ایف آر) کے چیئرمین اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نائب صدر بھی ہیں۔