کراچی: مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد ہوئی جس میں مختلف دینی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت مولانا ڈاکٹر احمد علی ابوتراب نے کی، اور اس موقع پر ملک بھر سے دو درجن سے زائد جماعتوں کے ذمہ داران نے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں طے پایا کہ سات اکتوبر کو "قومی فلسطین کانفرنس” شاہراہ قائدین کراچی پر منعقد ہوگی، جس میں تمام جماعتیں فلسطین اور پاکستان کے پرچم کے ساتھ شریک ہوں گی تاکہ قومی وحدت کا مظاہرہ کیا جا سکے۔ مقررین نے اس موقع پر اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا یہ مظاہرہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
مزید یہ کہ 4 اکتوبر کو یوم فلسطین منانے کا اعلان کیا گیا، جس کے تحت ملک بھر کی مساجد میں آئمہ و خطباء فلسطینی عوام کی حمایت میں قراردادیں پیش کریں گے۔ کانفرنس کے دوران مختلف جماعتوں کے قائدین نے سات اکتوبر کی کانفرنس کی اہمیت پر زور دیا اور عوام سے زیادہ سے زیادہ شرکت کی اپیل کی۔
شاہراہ قائدین پر کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ جناح گراؤنڈ کے اطراف میں جاری تعمیراتی کام کے باعث کیا گیا، تاکہ عوام کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔ کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جن کے اجلاس 4 اکتوبر کو بعد نماز جمعہ ہوں گے۔
کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن، شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی، پروفیسر ساجد میر، مفتی منیب الرحمن، سراج الحق، ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔
اس دوران کانفرنس کی کور کمیٹی کے اراکین نے قاری محمد عثمان کی قیادت میں ڈی آئی جی ایسٹ سے ملاقات کی اور کانفرنس کے سیکیورٹی انتظامات پر بات چیت کی۔