گوادر یونیورسٹی میں آج سمسٹر فال 2024 کے داخلہ ٹیسٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس میں ضلع گوادر اور گردنواح سے اچھی تعداد میں خواہشمند طلباء نے حصہ لیا۔
وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کامیاب ٹیسٹ منعقد کرنے پر ٹیسٹ آرگنائزنگ ٹیم کو سراہا۔ وائس چانسلر نے اپنے بیان میں کہا کہ "انٹری ٹیسٹ میں زیادہ ٹرن آؤٹ گوادر یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں طلباء کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ ہم معیاری تعلیم کی پیشکش کرنے اور مستقبل کے لیڈروں کی تشکیل کے لیے وقف ہیں‘‘۔
یونیورسٹی اف گوادر منیجمنٹ سائنسز، کامرس، اکنامکس، کیمسٹری، ایجوکیشن، کمپیوٹر سائنس، اور انگلش سمیت مختلف شعبوں میں متنوع پروگرام کی پیشکش کرتی ہے، جو مکران کے مختلف حصوں اور اس سے باہر کے طلباء کو راغب کرتی ہے۔ انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔ زیرو سمسٹر کے کلاسز اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوں گی۔