پیر, اکتوبر 7, 2024

ڈونٹس بیکری نے چیف جسٹس آف پاکستان فائز عیسیٰ سے معافی مانگ لی

اسلام آباد کی مشہور ڈونٹس بیکری ‘کرسٹیز ڈونٹس’ نے اپنے ایک ملازم کیجانب سے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے بدتمیزی پر معافی نامہ جاری کردیا۔

پاکستان میں گذشتہ شب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ‘کرسٹیز ڈونٹس’ نامی بیکری کا نام سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے اور اس کی وجہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو ہے جس میں مذکورہ بیکری سے دوران خریداری وہاں کے ملازم نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بدتمیزی کی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے مبینہ طور پر بیکری کے ملازم نے اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کیا۔

ویڈیو میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ کو اپنی اہلیہ سرینا عیسیٰ اور بیٹی سحر عیسیٰ کے ساتھ وفاقی دارالحکومت میں ڈونٹس کی دکان سے خریداری کیلئے آرڈر کرتے سُنا جا سکتا ہے۔

اس دوران بیکری ملازم اُن سے سوال کرتا ہے کہ کہ کیا آپ فائز عیسیٰ ہیں؟ جواب میں چیف جسٹس فائز عیسیٰ اور انکی بیٹی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘جی، کیا اس سے کوئی فرق پڑتا ہے؟ آرڈر نہیں کر سکتے؟’

اس پر بیکری ملازم نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ انکی فیملی کی موجودگی میں بدتمیزی کرتے ہوئے کہا کہ ‘لعنت ہو آپ پر’۔

بیکری کیجانب سے معافی نامہ جاری:

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بیکری کمپنی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے معافی نامے میں اس ویڈیو کی تصدیق کی اور اپنے سیلز مین کے رویے کی مذمت کی۔

معافی نامہ میں کہا گیا کہ ‘ہم ہر گاہک کے ساتھ عزت اور انصاف کے ساتھ برتاؤ کرنے کے لیے پرعزم ہیں’ ہم سوشل میڈیا پر ایک وائرل ویڈیو سے باخبر ہیں جس میں ایک ملازم نے کسٹمر کو سروس دینے سے انکار کر دیا تھا’۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘کمپنی ملازم کی جانب سے کی گئی بدتمیزی ایک ذاتی فعل تھا اور یہ کمپنی پالیسی نہیں، اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں’۔

کمپنی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کمپنی کسی بھی گاہک کے عقیدے، رنگ و نسل، سیاسی و مذہبی وابستگی کی بنیاد پر اپنی خدمات فراہم کرنے میں تفریق نہیں کرتی اور اس واقعے کے بعد کمپنی کے ملازمین کی تربیت سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

بیان میں واضح کیا گیا کہ ‘ہم اس ویڈیو میں شامل معزز کسٹمرز سمیت دیگر صارفین سے معذرت خواہ ہیں۔ اس معاملے کی چھان بین جاری ہے اور آپ کے تعاون کا شکریہ’۔

بیکری کے باہر پی ٹی آئی کا جلسہ:

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹس کی بھرمار کردی اور ساتھ ہی میمز کا طوفان بھی امڈ آیا۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے تقسیم نظر آرہی ہے، بالخصوص پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے انٹرنیٹ صارفین کی اکثریت اس واقعے کی مذمت کرنے کے بجائے بیکری ملازم کو سراہ رہی ہے۔

واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ‘کرسٹیز ڈونٹس’ نامی اس بیکری پر عوام، یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کا تانتا بندھ گیا اور بیکری کی چاندی ہوگئی جہاں عوام ہجوم در ہجوم ڈونٹس خریدنے پہنچ رہے ہیں، حتیٰ کہ پی ٹی آئی کارکنان نے بیکری کے باہر ایک چھوٹا سا جلسہ بھی منعقد کر ڈالا جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

یاد رہے کہ رواں برس عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کو انتخابی نشان سے محروم کرنے کے فیصلے کے بعد سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کیجانب سے شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں