پیر, اکتوبر 7, 2024

لاہور کے بعد اوکاڑہ سے ڈرون کے ذریعے انڈیا منشیات سپلائی کرنے والا گینگ گرفتار

اوکاڑہ: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ دو روز سے جاری کارروائیوں کے بعد ایک چار رکنی گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے جو انڈیا میں ڈرون کے ذریعے منشیات کی سپلائی میں ملوث ہے۔

پولیس کے مطابق منڈی احمد آباد اور حویلی لکھا کے علاقوں میں مخبری کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران چار ملزمان گرفتار ہوئے جن کے قبضے سے کروڑں روپے مالیت کی 10 کلو سے زائد ہیروئین برآمد ہوئی۔

اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے ڈرونز بھی برآمد کیے گئے جن کی مدد سے وہ انڈیا میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔

ترجمان اوکاڑہ ضلعی پولیس کے مطابق ’ڈسٹرکٹ پولیس افسر راشد ہدایت نے اس آپریشن کی نگرانی کی اور مربوط طریقے سے اس گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔‘
ڈسٹرکٹ پولیس افسر راشد ہدایت نے اُردو نیوز کو اس آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن دو دنوں پر محیط تھا جس میں منڈی احمد آباد اور حویلی لکھا کے علاقوں میں ریکی کے بعد چھاپے مارے گئے۔

’چھاپوں کے دوران جب ملزمان گرفتار ہوئے تو ان کے قبضے سے 10 کلو سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی اور انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ اسے انڈیا سمگلنگ کرتے رہے ہیں۔‘
ڈی پی او اوکاڑہ نے مزید بتایا کہ ’ہم نے وہ ڈرون بھی قبضے میں لے لیا ہے جو اس مقصد کے لیے استعمال ہوا۔‘

اکاڑہ پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 25 دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف ضلعی پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی ہے۔

برآمد منشیات میں 112 کلو چرس 13 کلو ہیروئن ڈیڑھ کلو آئس ایک ہزار 20 لیٹر شراب شامل ہے جبکہ 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

ڈی پی او راشد ہدایت نے مزید بتایا کہ ’مجھے ابھی اوکاڑہ میں تعینات ہوئے صرف ایک مہنیہ ہی ہوا ہے۔ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں یہ نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا رہے ہیں ان کے خلاف صفر برداشت کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ تمام ایس ایچ اوز کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے علاقے سے منشیات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ برس لاہور پولیس نے ایک ڈرون اپنے قبضے میں لیا تھا جس کے ساتھ منشیات بندھی ہوئی تھی۔ بعد ازاں اس گینگ کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا جو سرحد پار منشیات کی سپلائی میں ملوث تھا۔

گذشتہ برس جولائی میں لاہور رنگ روڈ کے قریب ہلوکی کے علاقے میں ایک اُڑتا ڈرون گرا تھا، شہریوں کی اطلاع پر پولیس اور اے این ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو ڈرون کے ساتھ بندھی ہوئی منشیات برآمد ہوئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرون کھیتوں میں گرا تھا جبکہ اس علاقے سے انڈین سرحد بھی زیادہ دور نہیں ہے۔

اس سے پہلے بھی انڈیا یہ الزام لگاتا رہا ہے کہ پاکستان سے ان کے ملک میں ہیروئن سمگل کی جاتی ہے۔ البتہ اے این ایف کی ایف آئی آر میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس نیٹ ورک کو انڈیا کی معاونت حاصل ہے۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں