سیالکوٹ (چوہدری مرید حسین باجوہ): سیالکوٹ کے علاقے ہیڈ مرالہ میں ایک افسوس ناک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے شہری اظہر عباس پر تشدد کیا اور اس کے بیٹے احمد کو اسلحے کے زور پر ہراساں کیا۔
تفصیلات کے مطابق، تھانہ ہیڈ مرالہ کے علاقے مونگڑ میں اظہر عباس اپنے بیٹے احمد کے ہمراہ نہر کے قریب جا رہا تھا کہ ایک کار میں سوار چار مسلح افراد نے اسے روک کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے بعد میں اس کے بیٹے احمد پر پسٹل تان کر خوفزدہ کرنے کی کوشش کی۔
ڈی پی او سیالکوٹ، رانا عمر فاروق نے اس واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ نے واقعے کی ایف آئی آر درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ ڈی پی او نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اس افسوس ناک واقعہ کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے متحرک ہو چکے ہیں تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔