ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز نکولس پوران نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ وہ ایک کیلنڈر ایئر میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ سنگ میل کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2024 کے ایک میچ میں عبور کیا۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ان کے ہم وطن کرس گیل کے پاس تھا، جنہوں نے 2015 میں 36 اننگز میں 135 چھکے مارے تھے۔ تاہم، پوران نے 2024 میں 63 میچز کھیلتے ہوئے 151 چھکے لگا کر گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ ریکارڈ نہ صرف پوران کی مہارت کا ثبوت ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی جارحانہ بیٹنگ کا بھی عکاس ہے۔
پوران کی کرکٹ کیریئر میں مشکلات بھی آئی ہیں۔ 2015 میں ایک ٹریننگ سیشن سے واپسی پر کار حادثے میں ان کی ٹانگوں پر شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد وہ کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہے تھے۔ اس وقت پوران کی عمر محض 19 سال تھی، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور کرکٹ میں دوبارہ واپسی کی۔
نکولس پوران نے 2024 میں جاری کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں 7 میچز میں 275 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں جگہ بنائی ہے۔ اس دوران انہوں نے 21 چھکے لگا کر اپنے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹورنامنٹ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بنے۔
پوران کی یہ کامیابی ان کی محنت اور عزم کی عکاس ہے، جو انہیں دنیا کے صف اول کے بلے بازوں میں شامل کرتی ہے۔