جمعرات, ستمبر 19, 2024

نتنیاہو دور حاضر کا ابو جہل

غزوہ بدر اسلام کا اولین معرکہ ہے جو تا صبح قیامت اسلام کے ماتھے کا جھومر رہے گا۔ دشمن کی صف میں اس معرکہ کا مرکزی کردار ابو جہل تھا۔ چونکہ اس غزوہ کی ابتداء ایک تجارتی قافلے سے ہوئی تھی، چنانچہ تجارتی قافلہ محفوظ ہو جانے کے بعد تمام سرداروں کی خواہش و منشا یہی تھی کہ اب واپسی کی راہ لی جائے اور جنگ کا آپشن استعمال نہ کیا جائے۔ لیکن اسلام کے بد ترین دشمن اور سنگ دل ابو جہل کی رائے بلکہ اصرار تھا کہ اب واپسی کرنا ہمارے دامن پہ بزدلی کا وہ دھبہ ہوگا جسے شاید کبھی دھویا نہ جا سکے۔ سو ابو جہل کی ضد سب کو میدان کارزار تک کھینچ لائی اور سب ہی ناکام و نا مراد ہو کر تاریخی اوراق میں نشان عبرت بن گئے۔

آج چودہ سو سال بعد وہی تاریخ خود کو دہرا رہی ہے، تین سو تیرہ کے نام لیوا اپنے پیش رو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شجاعت کے باب رقم کرتے جا رہے ہیں اور دشمن کو ہر میدان میں زیر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ دوسری جانب اسلام کا بد ترین دشمن ہر آنے والے دن خود کو کمزور محسوس کر رہا ہے اور بزدل ظالم و غاصب اسرائیلی وحشی جنگ سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے صلح کی میز پہ آنے چاہتے ہیں، عسکری طاقت ہو یا سول سوسائٹی ہو، معاشی ماہرین ہوں یا کفریہ طاقتوں کا سرغنہ ہوں، سب ہی جنگ کی بندش کے خواہاں ہیں اور اسی نکتہ پہ زور دیتے نظر آ رہے ہیں لیکن مد مقابل گروہ میں ایک ضدی شخص جسے نتنیاہو کہا جاتا ہے، چودہ سو سال قبل کی تاریخ دہراتے ہوئے اپنی ضد و انا کی بنا پر جنگ جاری رکھنے کا خواہاں ہے اور کسی صورت صلح و امن کے راستے کا حامی نہیں۔ اس شخص کی ضد اور عناد اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ اس پورے لشکر کو ایک بار پھر قدرت اپنے انجام کی جانب دھکیل رہی ہے اور قدرت نے ذلت و رسوائی ان کے مقدر میں لکھ دی ہے ان شاء اللہ۔

غرور و تکبر اور نخوت سے کا مجسم ابو جہل جیسے اپنے تمام لاؤ لشکر کے ساتھ ہلاک اور زمین بوس ہوا تھا اسی طرح ان شاء اللہ آج کے ابو جہل کی ضد بھی اس کی بد ترین انسان نما جانوروں کی فوج سمیت سب کی ہلاکت و بربادی کا عنوان ہوگی، ان کے عبرت ناک انجام سے اللہ تعالٰی اہل ایمان کی نگاہ و قلوب کو ٹھنڈا فرمائیں گے۔ البتہ یہ امتحان پوری امت مسلمہ کا ہے کہ وہ ابو جہل کے ساتھ کھڑی ہے یا پھر بدریوں کے نام لیواؤں کے ترازو میں اپنا وزن ڈالے ہوئے ہے۔ اللہ تعالٰی ہمیں اہل ایمان کا حامی و ناصر بنائے اور انہی کی صفوں میں کھڑا ہونے والا بنائے آمین

متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں