اتوار, اکتوبر 6, 2024

حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے – سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات گرامی پوری انسانیت کے لیے امن، محبت اور رحمت کا باعث ہے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کی پیروی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ ہمیں انصاف، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے، آپ ﷺ کی ذات اقدس پوری کائنات کے لیے باعث رحمت اور مینارہ نور ہے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک ایسا مثالی معاشرہ قائم کر سکتے ہیں جو عدل و انصاف اور مساوات پر مبنی ہو جہاں ہر شخص کو امن و انصاف میسر ہو۔سپیکر نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اسلامی تعلیمات اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کریں گے اور فرقہ واریت، تشدد اور نفرت کو مٹا کرمضبوط اور متحد قوم بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے رشد و ہدایت کا سر چشمہ ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے ہدایت کا منبع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کیلئے توفیق عطا فرمانے اور ملک کو ترقی، امن اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی دعا کی۔

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسکhttps://alert.com.pk/
Alert News Network Your Voice, Our News "Alert News Network (ANN) is your reliable source for comprehensive coverage of Pakistan's social issues, including education, local governance, and religious affairs. We bring the stories that matter to you the most."
متعلقہ خبریں

مقبول ترین

متعلقہ خبریں